Monday , May 28 2018
Home / شہر کی خبریں / عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ’’اپنی بستی ہمارا شہر‘‘ نئے پروگرام کا آغاز

عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ’’اپنی بستی ہمارا شہر‘‘ نئے پروگرام کا آغاز

جرائم کی شرح کو گھٹانے میں حکومت کو کامیابی، قطب اللہ پور میں کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج قطب اللہ پور سے عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے نیا پروگرام ’’اپنی بستی ہمارا شہر‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں عوام کو 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جائے گی۔ شرح جرائم کو گھٹانے اور لا اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنے میں تلنگانہ حکومت نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس پروگرام میں ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہندر ریڈی، ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ملاریڈی، رکن اسمبلی ویکانند گوڑ ایم ایل سی ایس راجو، میئر حیدرآباد بی رام موہن، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کے علاوہ دوسرے عوامی منتخب نمائندے اور بستی کے عوام موجود تھے۔ اس پروگرام کے آغاز پر ہی کے ٹی آر نے وضاحت کردی کہ اس کے کوئی سیاسی اغراض و مقاصد نہیں ہیں۔ عوامی مسائل کو حل کرنے ترقیاتی و تعمیری کاموں میں عوام کو حصہ دار بنانے کیلئے اپنی بستی اور ہمارا شہر پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تیز رفتار ترقی کرنے والے شہروں میں حیدرآباد سرفہرست ہے۔ ہمیں اپنی سوچ و فکر میں تبدیلی لاتے ہوئے شہر کو ترقی دینے میں تمام شہریوں کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ صاف صفائی پر توجہ دیناہم سب کی ذمہ داری ہے۔ 22 ہزار مزدور شہر کی صفائی کیلئے کام کررہے ہیں۔ آئندہ 10 تا 20 سال کے دوران شہر حیدرآباد کی آبادی بڑھ کر دوگنی ہوجائے گی۔ عوام کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے شہر حیدرآباد کو ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ جی اچی ایم سی کے سرکلس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں لاء اینڈ آرڈر پوری طرح کنٹرول میں ہے۔ جرائم کی شرح بڑی حد تک گھٹ گئی ہے۔ آئندہ جنوری سے زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہ کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کی گئی۔ مستقبل میں تمام شعبوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی۔ اس پروگرام میں اسمبلی حلقہ قطب اللہ پور کے مختلف سرکلس سے عوام نے شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل سے وزیربلدی نظم و نسق کو واقف کرایا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جب شہریوں میں شہر ہمارا ہونے کا جذبہ پیدا ہوگا اس وقت تبدیلی شروع ہوگی اور شہر حیدرآباد مزید ترقی کرے گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر حیدرآباد کو گلوبل سٹی کے طرز پر ترقی دینے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT