Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / عوام اور بینک دھوکہ دہی کے شخص کیخلاف کارروائی ندارد

عوام اور بینک دھوکہ دہی کے شخص کیخلاف کارروائی ندارد

بینک عہدیداروں کی بھی ملی بھگت، پولیس کی پشت پناہی
حیدرآباد۔/6اگسٹ ، ( سیاست نیوز) مہنگائی اور بیروزگاری کے دور میں پریشان حال عوام سرکاری مراعات کی طرف اپنی توجہ مبذول کررہے ہیں تو ویسی معصوم عوام کے جذبات سے کھلواڑ کرنے والوں کی بھی کمی نہیں۔ ہر مجبوری کو اپنی ضرورت کے طور پر استعمال کرتے ہوئے معصوم عوام کو ٹھگنے کے واقعات عام ہوتے جارہے ہیں تاہم افسوس کہ ایسے واقعات کو ارباب مجاز سے رجوع کرنے کے باوجود ان کے خلاف موثر کارروائی کا نہ ہونا افسوسناک ثابت ہورہا ہے جو غیر سماجی عناصر کیلئے ہمت افزائی کا سبب ہورہا ہے۔ ایک ایسا ہی واقعہ چادر گھاٹ حدود میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پرعوام اور بینک مشنری کو دھوکہ دینے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا باوجود اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ حالانکہ چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں اس شخص کے متعلق ایف آئی آر درج ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران رمنا ریڈی کو حراست میں لیتے ہوئے مزید کارروائی کیلئے چادر گھاٹ پولیس کے حوالے کردیا تھا اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فرضی کرایہ ناموں کے ذریعہ بینک کے کھاتے تیار کیا کرتا ہے اور جس بینک میں یہ کھاتے کھولے جاتے ہیں کئی کھاتوں پر اسی عمارت کا نمبر ہوتا ہے جس عمارت میں بینک قائم ہے۔ فی کھاتہ تین تا چار ہزار روپئے حاصل کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ تیار کیا جاتا ہے۔ درخواست گذار کو بینک کے اندر داخل ہونے کی بھی ضرورت نہیں صرف تصویر اور آدھار کارڈ کی زیراکس سے کام بن جاتا ہے۔ فرضی کرایہ ناموں سے تیار کئے جارہے بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پربینک کا عملہ بھی ملوث ہے جو اس شخص کی پشت پناہی کررہا ہے۔ متاثرہ شہری نے اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کے صدر دفتر میں موجود شکایتی سل میں اس معاملہ سے متعلق شکایت بھی درج کرائی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بینک اس شکایت کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے۔ تاہم افسو س کہ پولیس محکمہ کی جانب سے تاحال کوئی ٹھوس کارروائی انجام نہیں دی گئی۔

TOPPOPULARRECENT