عوام میں مقام بنانے کانگریس کی ناکام کوشش

ریاستی وزیر عمارات وشوارع ناگیشور راؤ کا بیان

ریاستی وزیر عمارات وشوارع ناگیشور راؤ کا بیان

حیدرآباد 7 فبروری (سیاست نیوز)وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راو نے اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ غیر ضروری طور پر حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناگیشور راو نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو عوام نے مسترد کردیا ہے لیکن وہ دوبارہ عوام میں اپنا مقام بنانے کیلئے ناکام کوشش کررہی ہے ۔ حکومت کے خلاف نکالی گئی ریالی کا حوالہ دیتے ہوئے ناگیشور راو نے کہا کہ کانگریس کو کوئی کام نہیں لہذا ریالی اور پدیاترا کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اُن کے پاس کوئی عوامی مسائل نہیں جن کی بنیاد پر حکومت کے خلاف احتجاج کیا جاسکے ۔ تُملا ناگیشور راو نے حکومت کی جانب سے سکریٹریٹ اور چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی سے متعلق فیصلوں کی تائید کی اور کہا کہ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر میں کانگریس کو کیا اعتراض ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ پی سی سی کے صدر پونالہ لکشمیا پر تنقید کی کہ وزیر آپباشی کی حیثیت سے انہوں نے زرعی شعبہ کی بھلائی کو نظر انداز کردیا ہے ۔ لاکھوں کروڑوں روپئے قرض کے باوجود ایک لاکھ ایکر اراضی کو پانی سیراب نہیں کیا جاسکا ۔ آج وہی قائدین حکومت پر تنقیدیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سکریٹریٹ کی اراضی ریئیل اسٹیٹ کاروباریوں کو حوالے کرنے سے متعلق الزام بے بنیاد ہے اور حکومت کی سوچ اس قدر گراوٹ کی شکار نہیں ہے۔ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے تلنگانہ کے دورہ پر تنقید کرتے ہوئے ناگیشور راو نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کسی بھی علاقہ کا دورہ کرسکتے ہیں لیکن انہیں اس کی وجوہات سے عوام کو واقف کروانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ سے ناانصافی کے ذمہ دار ہیں وہ کس بنیاد پر تلنگانہ عوام کا سامنا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اور کانگریس کی مخالف عوام سرگرمیوں سے عوام نالاں ہیں اور انہیں کسی بھی صورت میں تائید حاصل نہیں ہوسکتی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT