عوام نے کانگریس کی انتشارپسند سیاست کو مسترد کردیا

مودی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈہ کی توثیق ، مرکزی وزراء کا ردعمل
نئی دہلی ۔ 15 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں بی جے پی سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اُبھر رہی ہے اور اس کے قائدین نے آج معلنہ اسمبلی انتخابی نتائج کو وزیراعظم نریندر مودی کے ترقیاتی ایجنڈہ کی توثیق قرار دیا اور دعویٰ کیاکہ عوام نے کانگریس کی انتشارپسند ، زہریلی اور منفی سیاست کو مسترد کردیا ہے ۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے اس اُبھرتی ہوئی تصویر سے حوصلہ پاکر کانگریس کے صدر راہول گاندھی پر طنز کا موقع تلاش کرلیا اور کہاکہ ’’کوئی وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہا تھا ‘‘ ۔ وہ دراصل کرناٹک کی انتخابی مہم کے دوران راہول گاندھی کے ایک ریمارک کا حوالہ دے رہے تھے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی کی صورت میں وہ وزیراعظم بننے کے لئے تیار ہیں۔ ایک اور مرکزی وزیر نرملا سیتارامن نے کہاکہ بی جے پی کے لئے آج تاریخی دن ہے اور یہ نتائج مودی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈہ کی توثیق ہیں ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہاکہ جنوبی ریاست میں بی جے پی کے مظاہرہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’’کانگریس سے پاک ‘‘ ہندوستان کا نعرہ سچ ثابت ہورہا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT