Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / عوام کو بھکاری بناکر خود کروڑپتی بن گئے

عوام کو بھکاری بناکر خود کروڑپتی بن گئے

وزیراعظم نریندر مودی پر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کا طنز
بانکورہ (مغربی بنگال) ۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کہا ہے کہ مودی حکومت، عوام کو درپیش مشکلات سمجھنے سے قاصر ہے جو کہ نوٹ بندی کے بعد فقیر بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک جلسہ عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے وینزویلا میں نوٹ بندی کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلی گئی لیکن مودی حکومت، کسی کی بھی نہیں سن رہی ہے۔ یہ ایک گونگی اور بہری حکومت ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ عام ا ٓدمی کو مسائل کا ادراک ہے لیکن ہمارے وزیراعظم کی عقل اندھی ہوگئی ہے۔ پتہ نہیں کہ ان کا دماغ روشن ہوگا اور حقیقت کو محسوس کریں گے اس وقت تک ملک میں طوائف الملکی پھیل جائے گی۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ عوام اپنی رقومات نکال بھی نہیں سکتے اور ہم یہ بھی نہیں جانتے کہ بینکوں میں رقومات محفوظ ہیں یا نہیں؟ ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لئے مرکز کی کوششوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ترنمول کانگریس سربراہ نے کہا کہ وہ لوگ (حکومت) کہتے ہیں کہ یہ ایپ خریدو، یہ موبائیل خریدو لیکن ان کی ایک بھی نہ سنیں۔ بصورت دیگر آپ لوگ فقیر بن جائیں گے۔ اپنے آپ کو فقیر قرار دینے پر نریندر مودی کے خلاف طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل وزیراعظم کو خود کو چائے والا بتایا تھا لیکن اب وہ کروڑپتی بن گئے ہیں۔ ممتابنرجی نے دریافت کیا کہ فقیر کے معنی اور مفہوم کیا ہیں۔ بظاہر بی جے پی کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ جب وہ عوام کو روٹی روزگار فراہم کرتے ہیں ناکام ہوجاتے ہیں تو مذہب کے نام پر تقسیم کردیتے ہیں لیکن مغربی بنگال میں اس طرح کی حرکتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاستی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ شرپسندوں کو سختی سے کچل دیں۔ انہوں نے یہ اعادہ کیا کہ میں جب زندہ رہوں گی… عوام کی خدمت کرتے رہوں گی۔ کیوں کہ عوام کی تائید کے بغیر سیاسی جماعتوں کا وجود ناممکن ہے۔

TOPPOPULARRECENT