Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / عوام کو بہت جلد حقِ سرکاری خدمات کی فراہمی

عوام کو بہت جلد حقِ سرکاری خدمات کی فراہمی

مرکزی وزیر قانون کی تجویز پر مسودہ بل کی تیاری
نئی دہلی۔/21اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت مقررہ وقت میں فراہمی خدمات کی طمانیت دینے کیلئے ایک بل پیش کرنے پر غور و خوض کررہی ہے جسے ’ رائٹ ٹو سرویس ایکٹ ‘ ( قانون حق خدمات ) کہا جائے گا اور یہ ایکٹ پہلے ہی سے کرناٹک ، مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں نافذ ہیں۔ مرکزی وزیر قانون ڈی وی سدانند گوڑا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مرکزی سطح پر اس طرح کا ایک بل تیار کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ یہ بل وزارت سرکاری عملہ اور عوامی شکایات کے پاس زیر غور ہے۔ چونکہ حکومت کا فراہمی خدمات کا سب سے بڑا ادارہ ہے لیکن شہریوں میں اس کی ساکھ قائم نہیں ہوسکی اور عوام حکومت کے کام کاج اور سرکاری خدمات کے طریقہ کار پر خوش نہیں ہے کیونکہ اکثر و بیشتر سرکاری خدمات میں تاخیر اور جوابدہی اور شفافیت میں فقدان اور ناقص کارکردگی کی شکایات کی جاتی ہیں۔ مسٹر سدانندگوڑا نے بتایا کہ جب وہ چیف منسٹر کرناٹک تھے اس وقت فراہمی خدمات کا ایک پروگرام Sakala شروع کیا تھا جس کے ذریعہ 11محکموں اور متفرق 151خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے ایک ہی مقام ( پورٹل) سے شروع کیا گیا۔ اس پورٹل کے ذریعہ نہ صرف خدمات کیلئے درخواستگذاری کی جاسکتی ہے بلکہ بغیر وجہ کے تاخیر کی صورت میں قصورواروں پر ہرجانہ ( فائن ) بھی عائد کیا جائے گا۔ اس ای گورننس اور ای ٹریکنگ کا یہ پروگرام سرکاری خدمات میں تاخیر اور اس کی وجوہات کا پتہ چلانے میں کارآمد ثابت ہورہا ہے۔ توقع ہے کہ  نریندر مودی حکومت اس پروگرام کی تقلید کرے گی اور سرویس ایکٹ کے نفاذ پر سرکاری دفاتر میں کرپشن کی روک تھام اور سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکا ہے جیسا کہ پاسپورٹ دفاتر میں اس طرح کا طریقہ کار مروج ہے۔ ایک عام شہری کو ڈرائیونگ لائسنس، بچوں کی اسکالر شپس اور راشن کارڈکیلئے درخواست داخل کرتے وقت متعلقہ عملہ کی مٹھی گرم کرنی پڑتی ہے اور عہدیداروں کی سست روی اور تساہل پسندی سے قیمتی وقت ضائع ہوجاتا ہے۔ چونکہ وزیر اعظم نریندر مودی سرکاری انتظامیہ کو چست اور درست کرنے کی کوشش میں ہیں اور اپنے کابینی رفیق کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس بل کی منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT