Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / عوام کو قانونی معلومات میں مہارت حاصل کرنے کا مشورہ

عوام کو قانونی معلومات میں مہارت حاصل کرنے کا مشورہ

حیدرآباد۔/12فبروری، ( سیاست نیوز) ملک کو معاشرہ میں موجود کئی مسائل کو قانون کے صحیح استعمال کے ذریعہ ختم کیا جاسکتا ہے۔ جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا چیف جسٹس آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے آج 74ویں کل ہند صنعتی نمائش کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے قانونی معلومات میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کئی

حیدرآباد۔/12فبروری، ( سیاست نیوز) ملک کو معاشرہ میں موجود کئی مسائل کو قانون کے صحیح استعمال کے ذریعہ ختم کیا جاسکتا ہے۔ جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا چیف جسٹس آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے آج 74ویں کل ہند صنعتی نمائش کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے قانونی معلومات میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کئی مسائل ایسے ہیں جو قانون کی آگہی سے ہی دور کئے جاسکتے ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے قانون کا جاننا لازمی ہے۔ جسٹس سین گپتا نے بتایا کہ دستور سے عدم آگہی کے سبب عوام استحصال کا شکار بن رہے ہیں۔انہوں نے 74ویں صنعتی نمائش میں حصہ لینے والے تاجرین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری ملک میں تاجرین ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش سوسائٹی کے عہدیدار جس محنت سے نمائش کو بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کررہے ہیں وہ قابل مبارکباد ہیں۔ اس موقع پر صدر نمائش سوسائٹی و ریاستی وزیر پنچایت مسٹر کے جانا ریڈی کے علاوہ اعزازی سکریٹری نمائش سوسائٹی مسٹر اشوین مارگم و دیگر عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر جانا ریڈی نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ کل ہند صنعتی نمائش کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نمائش کے مشاہدہ کیلئے ملک کی قدآور شخصیتیں پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے نمائش کو حیدرآبادی و تلنگانہ تہذیب کا امتزاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ نمائش سوسائٹی کی جانب سے نہ صرف تاجرین کیلئے پلیٹ فارم فراہم کیا جارہا ہے بلکہ عوام کیلئے تفریح کا سامان بھی مہیا کیا جارہا ہے۔ مسٹر اشوین مارگم نے اس موقع پر 74ویں صنعتی نمائش کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے تمام معاونین سے اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر جن اسٹالس کو ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں ان میں عام زمرہ میں باقریز تفریحی حصہ کو پہلا انعام دیا گیا جبکہ پستہ ہاؤز کو دوسرا انعام حاصل ہوا ہے۔ باقریز کا انعام مسٹر ذاکر باقری نے حاصل کیا جبکہ جناب محمد عبدالمجید منیجنگ ڈائرکٹر پستہ ہاؤز نے اپنا ایوارڈ حاصل کیا۔ علاوہ ازیں تجارتی اداروں میں پہلا انعام اٹلس سائیکل کو حاصل ہوا۔ اس زمرہ میں کارخانہ زندہ طلسمات کے علاوہ حیدرآباد میٹرو ریل کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔ اے ٹی ایم کے زمرہ میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کو علی الترتیب پہلا اور دوسرا ایوارڈ دیا گیا۔ بینک کے زمرہ میں پہلا ایوارڈ ریزرو بینک آف انڈیا کو دیا گیا جبکہ دوسرا انعام آندھرا بینک کو حاصل ہوا۔ کارپوریشن کے زمرہ میں لائف انشورنس کارپوریشن کو پہلا ایوارڈ حاصل ہوا جبکہ ایچ پی گیس کو دوسرا ایوارڈ دیا گیا۔

ریاستی حکومت کے محکمہ جات میں آندھرا پردیش ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن کو پہلے انعام کا مستحق قرار دیا گیا جبکہ محکمہ جنگلات کو دوسرے مقام پر ایوارڈ حاصل ہوا۔ مرکزی حکومت کے محکمہ جات میں کائربورڈ اور بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ کو علی الترتیب پہلا اور دوسرا انعام دیا گیا۔ مجموعی اعتبار سے نمائش میں سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث بننے والے اسٹال کے طور پر حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے اسٹال کو ایوارڈ دیا گیا۔ اس اسٹال میں مجوزہ میٹرو ریل کی بوگی عوام کے مشاہدہ کیلئے رکھی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT