Monday , July 23 2018
Home / جرائم و حادثات / عوام کو لوٹنے والا ڈھونگی بابا اور بیوی گرفتار

عوام کو لوٹنے والا ڈھونگی بابا اور بیوی گرفتار

حیدرآباد 13 جولائی (سیاست نیوز) سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے مائیلاردیو پلی پولیس کی مدد سے پوجا پاٹ کے بہانے عوام کو دھوکہ دینے والے ڈھونگی بابا اور اُس کی بیوی کو گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات، قیمتی کار اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ 37 سالہ ایس راما شیوانجم جس کا تعلق کیرالا سے ہے، سال 2001 ء میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا۔ 2009 ء میں یہاں کی ایک لڑکی ایس تیجسوی سے شادی کی تھی۔ سال 2014 ء میں سنیاس لینے کے بعد اُس نے نیو بوئن پلی میں ایک آشرم قائم کیا بعدازاں یوسف گوڑہ، یلاریڈی گوڑہ اور سندر نگر اور دیگر علاقوں کو اپنا آشرم منتقل کرتے ہوئے عوام کو پوجا پاٹ اور ہون کے ذریعہ دھوکہ دے رہا تھا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ شیوانجم عوام سے یہ دعویٰ کیا کرتا تھا کہ وہ ہر قسم کی تکالیف اور مسائل پوجا پاٹ کے ذریعہ حل کرسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ بھولے بھالے عوام کو یہ مشورہ دیتے ہوئے کہ اپنے مکان میں ہون کرانے اور ایک خاص برتن میں طلائی زیورات ڈالنے پر تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ ڈھونگی بابا کی باتوں میں آکر کئی افراد اُس کے برتن میں قیمتی طلائی زیورات ڈالا کرتے تھے اور وہ بڑی ہی چالاکی سے اُس برتن کو تبدیل کرکے نقلی زیورات والے برتن اُن کے حوالے کیا کرتا تھا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ وہ کئی تلگو چیانلس پر مذہبی مباحث میں حصہ لیا کرتا تھا جس کے ذریعہ عوام کا اعتماد حاصل کرلیا تھا۔ پولیس نے ڈھونگی بابا کے قبضہ سے 1163 گرام طلائی زیورات، مہندرا ایکس یو وی گاڑی اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔

TOPPOPULARRECENT