Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / عوام کو کروڑ پتی بنانے وزیراعظم مودی کا نیا منصوبہ

عوام کو کروڑ پتی بنانے وزیراعظم مودی کا نیا منصوبہ

برقی ، امکنہ اور سماجی بہبود پروگراموں کیلئے پیر کو سب سے بڑے معاشی پیاکیج کا اعلان متوقع

٭ 40,000 تا 50,000 کروڑ سے روزگار کے مواقع
٭ 24 گھنٹے بلاخلل برقی سربراہی کو یقینی بنانے کی کوشش
٭ بے نامی جائیداد کا پتہ چلاکر ایک کروڑ انعام پائیں

نئی دہلی ۔ /23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی پیر کو اپنی حکومت کی جانب سے تیار کردہ سب سے بڑے معاشی پیاکیج کا اعلان کریں گے ۔ روزگار پیدا کرنے والے امکنہ ، برقی اور سماجی بہبود کے پروگراموں کے لئے توقع ہے کہ 40,000 تا 50,000 کرور روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ عوام کو کروڑپتی بنانے کے منصوبہ کے تحت وزیراعظم نے بے نامی جائیدادوں کا پتہ چلانے والے عوام کو ایک کروڑ روپئے تک انعام دینے کا بھی منصوبہ بنایا ہے ۔ عوام کو اب کروڑ پتی بننے کے لئے کون بنے گا کروڑ پتی پروگرام میں حصہ لینے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ کام اب عوام اپنے پڑوسی پر نظر رکھ کر بھی کرسکتے ہیں ۔ یعنی مودی حکومت کی طرف سے بے نامی جائیداد کے تعلق سے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت عوام کو بس اتنا کرنا ہے کہ اپنے پڑوسی کی جائیداد کے بے نامی ہونے یا نہ ہونے کا علم رکھیں اور اگر بے نامی جائیداد ہے تو اس کی اطلاع حکومت کو دی جائے ۔ مودی حکومت اس اطلاع کے عوض عوام کو ایک کروڑ تک کا انعام دے گی ۔ یہ منصوبہ فی الحال وزارت فینانس کے زیرغور ہے ۔ منصوبہ پر اتفاق رائے ہونے کے بعد سی بی ڈی ٹی کی طرف سے اسے نافذ کیا جائے گا اور اکٹوبر یا نومبر میں اس کا اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت بے نامی جائیداد کے خلاف بڑی کارروائی کرنے کے لئے تمام تر تیاریاں کرچکی ہے ۔ سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹر ٹیکسیس کے ایک عہدیدار کے مطابق بے نامی جائیدادوں کی جانچ کی جارہی ہے اور اطلاع دینے والے شخص کو ایک کروڑ کا انعام دیا جائے گا ۔ نام نہ بتانے کی شرط پر انہوں نے مزید کہا کہ مخبری کرنے والے شخص کو کم سے کم 15 لاکھ سے ایک کرور روپئے تک انعام دیا جائے گا ۔ بے نامی جائیداد قانون کو گزشتہ سال پارلیمنٹ سے منظوری حاصل ہوئی ہے ۔ اب حکومت کروڑہا روپئے لالچ دے کر عوام کو مخبر بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مودی حکومت نے پیر کے دن سنگھ پریوار کے اہم لیڈر دین دیال اوپادھیا کی صدی پیدائش کے موقع پر ملک میں سب سے بڑا معاشی منصوبہ بروئے کار لانا چاہتی ہے ۔ سال 2017-18 ء کے پہلے چوتھائی حصہ میں 5.7 فیصد پیداوار ریکارڈ کی گئی جو 3 سال میں سب سے کم پیداوار سمجھی جارہی ہے ۔ اب مودی اپنی حکومت کی ماباقی میعاد کے دوران برقی ، امکنہ اور سماجی بہبود پروگراموں کے لئے پیاکیج کا اعلان کریں گے ۔ اس سے روزگار پیدا ہوگا ۔ حکومت سال 2019 ء تک 24×7 برقی سربراہی کو یقینی بنانے کام کررہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اپنی حکومت کی کارکردگی کا قوم کے سامنے ایک رپورٹ کارڈ پیش کرنا چاہتے ہیں جس میں غریبوں کی بہبودی ایک اہم اسکیمات میں سے ایک ہوگی ۔ اس اسکیم کا نام دین دیال اوپادھیا کے نام ہوگی جس کو دین دیال اوپادھیا گرام جیوتی یوجنا رکھا جائے گا ۔ دیہی اور شہری ترقی ، برقی اور اسکیل ڈیولپمنٹ کے وزرارتوں سے تعلق رکھنے والے سینئر بیورو کریٹس نے اسکیمات شروع کرنے سے متعلق وزیراعظم مودی کو اپنی نمائندگیاں پیش کی ہیں ۔
پٹرول کی قیمتیں عنقریب گھٹ جائیں گی :پردھان
احمد آباد ۔ /23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے آج کہا کہ آئندہ چند دنوں میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی آئے گی ۔ امریکہ میں طوفانوں کی وجہ سے پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ہوا تھا ۔ اب یہ قیمت گھٹ جائے گی ۔ پٹرولیم اینڈ نیچرل گیاس کے وزیر نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں عالمی مارکٹ میں کمی آئی ہے ۔ گزشتہ 3 دنوں سے ان قیمتوں میں کمی آرہی ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعلق عالمی مارکٹ سے ہی ہے ۔ ہندوستان میں گزشتہ چند ہفتوں سے پٹرول کی قیمت میں بتدریج اضافہ کیا جاتا رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے ایندھن کی قیمت پر روزانہ نظرثانی کے فیصلے پر ہر گوشے سے تنقیدیں ہورہی ہیں لیکن دھرمیندر پردھان نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کے مفاد میں ہے اور وہ اس کے مثبت اثرات محسوس کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT