Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ’’ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی جارہی ہے ‘‘ : علی مسقطی

’’ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی جارہی ہے ‘‘ : علی مسقطی

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : مجوزہ بلدی انتخابات کے پیش نظر حسب روایت ہر سیاسی جماعت اپنے گمراہ کن بیانات اور وعدوں کے تحت عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے میں مصروف و سرگرم عمل نظر آرہے ہیں ۔ بالخصوص حکمران جماعت ٹی آر ایس اور اس کی حلیف مقامی جماعت مجلس ناراض اور بیزار عوام کو دوبارہ استوار کرنے کے لیے نت نئے وعدوں کی بوچھار میں پوری طرح منہمک دیکھے جارہے ہیں ۔ قائد تلگو دیشم پارٹی جناب علی بن ابراہیم مسقطی انچارج اولڈ سٹی نے حکمران جماعت ٹی آر ایس کے سربراہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے استفسار کیا کہ انہوں نے کتنے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا ؟ جب کہ مزید خوش آئند بیانات کا لامتناہی سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی مسٹر کے سی آر جھوٹے پروپگنڈوں اور گمراہ کن بیانات واعلانات میں پیشرو وزیر اعلیٰ پر خاص سبقت حاصل کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کے سی آر کے بے شمار وعدوں میں برقی آبرسانی بقایہ جات کی معافی ، بلدی ٹیکس میں کمی شامل ہیں تاہم اس پر عمل آوری ندارد ہے اور کوئی جی او کی اجرائی نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت غریب عوام کے علاج و معالجہ کیا جارہا تھا اور ایجنسی کے ذریعہ حکومت کی جانب سے فنڈس کی عدم اجرائی کے سبب سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس نے مزید آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج نہ کرنے کا اعلان کردیا اور اس عظیم مسئلہ کو ٹی آر ایس نے برفدان کی نظر کردیا اور غریب عوام محروم ہو کر رہ گئی ۔ علاوہ ازیں آپات بندھواسکیم کے تحت حکومت کی جانب سے بیوگان کو 50 ہزار روپئے کی امداد جاری کی جارہی تھی جو ٹی آر ایس کے سبب منقطع ہو کر رہ گئی ۔ جناب علی مسقطی نے بلدی انتخابات کے ضمن میں سارے شہر میں ٹی آر ایس اور مجلس کی تشہیر کے لیے لگائے گئے تمام بیانرس ، ہورڈنگس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کمشنر آف بلدیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اعلامیہ کی اجرائی سے قبل بلدی عملے کو احکامات صادر کریں کہ فوری طور پر بیانرس اور ہورڈنگس نکال دیں ۔ دیگر قائدین تلگو دیشم پارٹی محمد صلاح الدین لودھی ، زبیر العمودی ، میر انصار حسین ، محمد انور حسین ، محمد عتیق ، رحمت اللہ خاں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس بار گریٹر بلدیہ مئیر کے لیے کسی مسلم کو منتخب کرنے کا اعلان کرے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ رومس فلاٹس کی تقسیم کا اعلان کیا گیا تاہم یہ نہیں کہا گیا کہ اس میں مسلمانوں کا کیا تناسب رہے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT