Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / عوام کی اکثریت سروے کے حق میں ، حقیقی مستحقین کو فوائد حاصل ہوں گے

عوام کی اکثریت سروے کے حق میں ، حقیقی مستحقین کو فوائد حاصل ہوں گے

اپوزیشن کی جانب سے سروے کی مخالفت حیرت انگیز ، راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر کیشو راؤ کا بیان

اپوزیشن کی جانب سے سروے کی مخالفت حیرت انگیز ، راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر کیشو راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/19اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سکریٹری جنرل اور رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشور راؤ نے الزام عائد کیا کہ بعض جماعتیں اور قائدین غیر ضروری طور پر تلنگانہ کے جامع سماجی سروے کے خلاف عوام میں خدشات پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن عوام نے بڑے پیمانے پر سروے میں حصہ لیتے ہوئے ان طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیشو راؤ نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ حکومت کی کارکردگی کو متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سروے کے ذریعہ حقیقی مستحقین تک فلاحی اسکیمات کے فوائد پہنچانے کی جو منصوبہ بندی کی گئی ہے اپوزیشن اپنی تنقیدوں کے ذریعہ اسے متاثر کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ جو افراد سروے کی مخالفت کررہے ہیں انہوں نے سابق میں کئے گئے کسی بھی سروے کی مخالفت نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ صرف بعض مخصوص افراد ہی اس سروے کے مخالف ہیں جبکہ عوام کی اکثریت سروے کے حق میں تاکہ انہیں سرکاری اسکیمات سے بہتر طور پر فوائد حاصل ہوسکیں۔ کیشو راؤ نے کہا کہ یہ سروے حقائق کا پتہ چلانے والی کمیٹی کی طرح نہیں ہے بلکہ حقائق کا پتہ چلانے والے سروے کی طرح ہے جو عوام کے عین مفاد میں ہے۔ کیشو راؤ نے استدلال پیش کیاکہ حکومت کو کسی بھی فلاحی اسکیم کے آغاز کے سلسلہ میں اس طرح کے جامع سروے کی ضرورت پیش آئے گی۔ حکومت مستحق افراد کے اعداد و شمار کے بغیر کس طرح کوئی فلاحی اسکیم تیار کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے آج سروے میں شامل عہدیداروں کو اپنی قیامگاہ پر اپنے ارکان خاندان کی تفصیلات سے واقف کرایا اور مقررہ فارم کی خانہ پُری کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں عوام نے حکومت کی اپیل پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکانات پر موجود رہ کر عہدیداروں سے تعاون کیا۔ کیشو راؤ نے کہا کہ سروے کے اہتمام سے عوام کو کئی فوائد حاصل ہوں گے اور حکومت کو نئی اسکیمات کے آغاز میں مدد ملے گی۔ حکومت عوام کیلئے کئی ایک منفرد اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ غیر مستحق افراد کے سبب مستحقین اسکیمات کے فوائد سے محروم نہ ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ بینک اکاؤنٹ کی فراہمی عوام کے حق میں ہے اس سے حکومت فوائد راست طور پر بینک اکاؤنٹ منتقل کرسکتی ہے۔ کیشو راؤ نے کہا کہ آدھار کارڈ کی تیاری کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم پر اعتراض نہ کرنے والے قائدین آج سماجی سروے کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آدھار کے تحت 82فیصد خاندانوں کا احاطہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کا سماجی سروے ملک کا اب تک سب سے کامیاب سروے ہے۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا نے سروے کی کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے رضاکارانہ طور پر سروے میں حصہ لیتے ہوئے تفصیلات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے ورنگل میں سماجی سروے میں حصہ لیا اور عہدیداروں کو اپنے خاندان کی تفصیلات درج کروائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت فلاحی اسکیمات کی تیاری میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے اس سروے کا اہتمام کیا ہے۔ بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ نے بھی دعویٰ کیا کہ حکومت کا سماجی سروے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا اور انہیں آنے والے دنوں میں حکومت کی کئی اسکیمات کے فوائد حاصل ہوں گے۔ رکن پارلیمنٹ نے حیدرآباد کے خیریت آباد میں واقع اپنی قیامگاہ پر عہدیداروں کو اپنے ارکان خاندان اور سماجی موقف کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سماجی سروے غریب اور مستحق خاندانوں کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا اور اس کے نتائج آنے والے دنوں میں برآمد ہوں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT