Wednesday , December 13 2017
Home / جرائم و حادثات / عوام کی توجہ ہٹاکر دھوکہ دینے والی ٹولی گرفتار

عوام کی توجہ ہٹاکر دھوکہ دینے والی ٹولی گرفتار

مسروقہ مال ضبط، اصل سرغنہ مفرور، اے سی پی راجندر نگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/27اکٹوبر، ( سیاست نیوز) راجندر نگر پولیس نے توجہ ہٹاکر عوام کو دھوکہ دینے والی چھ رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر گنگاریڈی نے بتایا کہ اس ٹولی کی سرغنہ 50 سالہ ٹی انجماں ہے جو عوام کی توجہ ہٹاکر دھوکہ دینے کے کئی واقعات میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجماں نے دیگر ساتھیوں اور رشتہ داروں ٹی ناگیشور، ڈی رمیش، سی نرسماں، سمکا اور اے یادماں کی مدد سے خواتین کو نقلی سونے کے بسکٹ دکھاکر انہیں اصلی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو ٹھگ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹولی کا تعلق پٹن چیرو سنگاریڈی ڈسٹرکٹ سے ہے جو راجندر نگر میلاردیوپلی اور چندرائن گٹہ علاقوں میں دھوکہ دہی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 40ہزار رقم، دو تولے طلائی زیورات، مسروقہ چاندی، موٹر سیکل اور قیمتی ملبوسات جن کی مالیت دو لاکھ پچاس ہزار ہے برآمد کرلی۔ راجندر نگر پولیس نے عادی سارقین کی دو رکنی ٹولی کو گرفتار کیا ہے۔ 70 سالہ رضیہ بیگم اور 30سالہ بیٹا محمد عرفان ساکن حسن نگر راجندر نگر آر ٹی سی بسوں میں پاسنجروں کے بھیس میں سفر کرتے ہوئے قیمتی موبائیل فون اور طلائی زیورات کا سرقہ کیا کرتے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ہے۔ اسی طرح ایک اور عادی سارقین کی ایک ٹولی کو بے نقاب کیا گیا جس میں 28 سالہ آٹو ڈرائیور سید معراج ساکن اسد بابا نگر کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 23 تولے طلائی زیورات 25 تولے چاندی جن کی جملہ مالیت 6 لاکھ 50 ہزار ہے برآمد کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹولی کا سرغنہ ستیہ مورتی ساکن بہادر پورہ ہنوز مفرور ہے۔

TOPPOPULARRECENT