Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / عوام کی توقعات کو پورا کرنا اولین ترجیح

عوام کی توقعات کو پورا کرنا اولین ترجیح

حلف برداری کے بعد گریٹر حیدرآباد کے میئر بی رام موہن اور ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کا عہد
حیدرآباد۔/11فبروری، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے نو منتخب میئر بی رام موہن اور ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ مئیر اور ڈپٹی میئر کی حیثیت سے حلف برداری کے بعد دونوں نے کیمپ آفس پہنچ کر چیف منسٹر سے خیرسگالی ملاقات کی اور ان عہدوں پر انتخاب کیلئے اظہار تشکر کیا۔ ان کے ہمراہ ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ میئر اور ڈپٹی میئر نے چیف منسٹر کو یقین دلایا کہ گریٹر حیدرآباد کی ترقی کیلئے چیف منسٹر کے ویژن کی تکمیل کیلئے وہ خود کو وقف کردیں گے۔ انہوں نے عوامی مسائل کی یکسوئی پر اولین ترجیح دینے کا عہد کیا۔ رام موہن بلدی حلقہ چرلہ پلی اور بابا فصیح الدین بورا بنڈہ سے منتخب ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے میئر اور ڈپٹی میئر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام کی توقعات پر کھرا اُترنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کیلئے حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر عمل آوری میں میئر اور ڈپٹی میئر کو اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے دیگر کارپوریٹرس کے تعاون سے بلدیہ کی کارکردگی بہتر بنانے اور اسے کرپشن سے پاک کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ چیف منسٹر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں کسی بھی کام کی تکمیل میں کرپشن کے خاتمہ کے خواہاں ہیں۔ واضح رہے کہ نو منتخب کارپوریٹرس کے اجلاس میں میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدہ کیلئے رام موہن اور بابا فصیح الدین کے نام کا اعلان کیا گیا اور متفقہ طور پر منظوری حاصل کی گئی۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کی موجودگی میں منعقدہ اجلاس میں دونوں کے نام پیش کئے گئے اور تمام نومنتخب کارپوریٹرس نے تائید کی۔ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی، پدما راؤ، سرینواس یادو، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشوراؤ، حکومت کے مشیر ڈی سرینواس کے علاوہ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، اسمبلی و کونسل نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT