Saturday , November 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / عوام کے اتحاد سے ہی ریاست کی ترقی و خوشحالی ممکن

عوام کے اتحاد سے ہی ریاست کی ترقی و خوشحالی ممکن

سدی پیٹ میں ہریتا ہارم پروگرام سے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کا خطاب
سدی پیٹ 15 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج حیدرآباد سے تقریباً 10.40 بجے صبح بیگم پیٹ ایرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کے (گود لیا ہوا موضع) ماڈل موضع ابراہیم پور پہنچے اور وہاں ہریتا ہارم پروگرام میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ شجرکاری بھی کی۔ گھر گھر پہنچ کر مکینوں سے ملاقات کرتے ہوئے تعمیر شدہ بیت الخلاء اور انجذابی گڑھوں کا تفصیلی طور پر جائزہ لیتے ہوئے مشاہدہ کیا اور موضع کے عوام سے انجذابی گڑھوں اور صاف صفائی کے تعلق سے عوام سے گفتگو کی اور اُن سے ہونے والے فوائد کے تعلق سے عوام کو واقف کروایا۔ انھوں نے کہاکہ اگر عوام متحد ہوں تو ریاست کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن بن سکتی ہے۔ گورنر نے ابراہیم پور سے موضع لکشمی دیو پلی میں شجرکاری پروگرام میں شرکت کی اور شجرکاری کی۔ گاڑچرلہ پلی پر وہ جدید طریقہ کار سے کاشت کرنے کے طریقہ (پالی ہاؤز) کا مشاہدہ کیا۔ وہاں سے وہ شہر سدی پیٹ کے کومٹ تالاب کو شہر حیدرآباد کا حسین ساگر ٹینک بینڈ کی طرح منی ٹینک بینڈ (تفریح گاہ) کے تعمیری کاموں کا مشاہدہ کیا اور شجرکاری کی۔ گورنر وہاں سے سیدھے موضع پونال ناگولہ بنڈا پہنچے جہاں پر منعقدہ ہریتا ہارم پروگرام میں شرکت کی۔ دریں اثناء انھوں نے وہاں کے مقامی عوامی نمائندوں سے دوبدو پروگرام میں کہاکہ سرپنچ عوام کے درمیان رہیں تو عوامی مسائل گاؤں کی صاف صفائی آبی سربراہی اور پودے لگانا آسان ہوجاتا ہے لیکن پودوں کی نگہداشت کرنے پر ہی پودا درخت کی شکل اختیار کرتا ہے جس سے ماحولیات میں تبدیلی آتی ہے۔ بعدازاں وہ ماتا شیشو (MCH) ہاسپٹل پہنچ کر ہائی رسک سنٹر اور نو تعمیر شدہ کنگارو سنٹر کا تفصیلی مشاہدہ کرتے ہوئے جائزہ لیا۔ قبل ازیں انھوں نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میں ظہرانہ کیا۔ ریاستی وزیر بڑی آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کے ترقیاتی کاموں اور ہریتا ہارم پروگرامس کے سلسلہ میں ریاستی گورنر کو مدعو کرنے پر وہ ان کی دعوت کو قبول کرکے آج حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کا دورہ کیا۔ گورنر کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی، ایم ایل سیز پی سدھاکر ریڈی، فاروق حسین، ایم پی کوتہ پربھاکر ریڈی، بی بی پاٹل، ڈسٹرکٹ کلکٹر رونالڈ روز اور تمام محکمہ جات کے عہدیدار کے علاوہ مجلس بلدیہ کے کونسلرس اور تمام عہدیدار بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT