Friday , May 25 2018
Home / Top Stories / ’’عوام کے پاس منفی ایجنڈہ کے احترام کا وقت نہیں ‘‘

’’عوام کے پاس منفی ایجنڈہ کے احترام کا وقت نہیں ‘‘

بی جے پی کے صفر سے سر تک سفر میں ترقیاتی ایجنڈہ کا اہم رول : مودی

نئی دہلی ۔ /3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی تریپورہ اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کے ’صفر سے سرکردہ مقام تک ‘ سفر کے لئے اپنی پارٹی کے ٹھوس ترقیاتی ایجنڈہ اور اس کے تنظیمی استحکام کو کریڈٹ دیا ۔ تریپورہ ، ناگالینڈ اور میگھالیہ اسمبلی انتخابات کے حوصلہ افزاء نتائج پر بے انتہاء خوش وزیراعظم نے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں کہا کہ تریپورہ میں بی جے پی کی محض کوئی معمولی کامیابی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’صفر سے سر (اعلی مقام) تک یہ سفر ہماری تنظیم کے استحکام اور ٹھوس ترقیاتی ایجنڈہ کے سبب ممکن ہوسکا ہے ۔ ان برسوں میں انتھک کام کرنے والے بی جے پی کے ہر کارکن کو میں سلام کرتا ہوں ‘‘ ۔ مودی نے مزید کہا کہ عوام نے این ڈی اے کے مثبت اور ترقی پر مبنی ایجنڈہ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’منفی ، انتشار پسند اور کسی بھی قسم کی غیر مربوط و بے ہنگم سیاست کا احترام کرنے کے لئے عوام کے پاس اب کوئی وقت نہیں رہا ‘‘ تریپورہ پر انہوں نے کہا کہ ’’یہ جبر و استبداد کی طاقتوں پر جمہوریت کی فتح ہے ۔ ڈر اور خوف پر آج امن و عدم تشدد کی فتح ہوئی ہے ۔تریپورہ کو ہم ایک اچھی حکومت دیں گے جس کا وہ مستحق ہے ‘‘ ۔ انہوں نے بی جے پی اور اس کی حلیفوں کی تائید پر ناگالینڈ کے عوام سے اظہار تشکر کیا ۔

TOPPOPULARRECENT