Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / عوام کے ہر مسئلہ کی فوری یکسوئی کیلئے چیف منسٹر کا عزم

عوام کے ہر مسئلہ کی فوری یکسوئی کیلئے چیف منسٹر کا عزم

ریاست سے خشک سالی ختم ہونے کا اظہار اعتماد ، اُگادی تقریب سے چندر شیکھر راؤ کا خطاب
حیدرآباد /8 اپریل ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تلنگانہ ریاست بہت جلد خشک سالی سے چھٹکارہ حاصل کرے گی ۔ رویندر بھارتی میں منعقدہ اُگادی تہوار میں سرکاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چندرا شیکھر راؤ نے دعاء کی کہ اس تلگو سال نو کے دوران ریاست میں ترقی و خوشحالی کا بول بالا ہوگا ۔ تلنگانہ ریاست کے تمام شہریوں کو ہر قدم پر کامیابی ملے اور انہیں ترقی اور خوشحالی حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست پہلے ہی فنڈس اور روزگار کے مسائل سے چھٹکارہ پاچکی ہے اور بہت جلد حکومت پینے کے پانی کے مسئلہ کو بھی مکمل ختم کردے گی ۔ تلنگانہ ریاست کو خشک سالی سے آزاد کردیا جائے گا ۔ خشک سالی صورتحال سے نمٹنے کے بعد کسانوں کی خودکشی کے واقعات بھی ختم ہوجائیں گے ۔ اُگادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں شرح پیداوار 15 فیصد ہے ۔ حکومت کو ریاست کے مالیہ کی مکمل تصویر مل چکی ہے اب وہ اس مالیہ کے ذریعہ تمام طبقات کی بہبود کیلئے رقومات خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تلنگانہ ریاست ملک بھر میں آئی ٹی شعبہ کی پہلی اور سرفہرست منزل بن جائے گی ۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے مشن بھاگریتا پروگرام کی ستائش کی اور توقع ظاہر کی کہ ریاست تلنگانہ میں پانی کا بحران دور کرنے میں مدد لے گی ۔ دتاتریہ نے اُگادی کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ اس اُگادی تقریب میں اسپیکر اسمبلی مدھو سودھن چاری ، کونسل کے چیرمین سوامی گوڑ ،ڈپٹی چیف منسٹرس کڈیم سری ہری اور محمد محمود علی کے علاوہ دیگر وزراء ایٹالا راجندر ، اجمیرا چندولال اور این نرسمہا ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین شریک تھے ۔ بعد ازاں چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو اگادی کی مبارکباد دی ۔ کل راج بھون میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اس موقع پر دیگر قائدین سے ملاقات کی تھی ۔ راج بھون میں گورنر کی جانب سے دی گئی ٹی پارٹی میں ریاست آندھراپردیش کے بھی قائدین نے شرکت کی بھی ۔

TOPPOPULARRECENT