Tuesday , April 24 2018
Home / شہر کی خبریں / عہدہ کی ذمہ داری سنبھالتے ہی شاہنواز قاسم کا دبدبہ قائم

عہدہ کی ذمہ داری سنبھالتے ہی شاہنواز قاسم کا دبدبہ قائم

ڈسپلن اور عدم صفائی پر سرزنش
حیدرآباد ۔ 3 ۔اپریل (سیاست نیوز) سینئر آئی پی ایس عہدیدار شاہنواز قاسم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کی زائد ذمہ داری سنبھالتے ہی دفتر میں صاف صفائی اور ڈسپلن کے سلسلہ میں ملازمین کی سرزنش کی۔ اس طرح پہلے ہی دن شاہنواز قاسم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں اور ملازمین پر واضح کردیا کہ ڈسپلن کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عہدیداروں اور ملازمین کے کام کاج پر مکمل نظر رہے گی اور وہ وقف بورڈ کو دیگر دفاتر کی طرح کارکرد آفس کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ جائزہ حاصل کرنے کیلئے پہنچتے ہی شاہنواز قاسم نے دفتر کی عدم صفائی پر عہدیداروں کی سرزنش کی اور کہا کہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے آفس میں اس قدر عدم صفائی ہے تو پھر دیگر سیکشنوں کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے وارننگ دی کہ آئندہ اس طرح کی غیر ذمہ داری بردداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ملازمین اور عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ شناختی کارڈ کے ساتھ دفتر میں موجود رہیں۔ اس کے علاوہ صفائی کے عملہ کے لئے خصوصی ڈریس ہونا چاہئے تاکہ ان کی شناخت ہو۔ شاہنواز قاسم جس وقت عہدہ کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے، میڈیا کے بعض نمائندوں نے انتہائی قریب پہنچ کر تصویر کشی اور ویڈیو گرافی کی کوشش کی جس پر یہ کہتے ہوئے ٹوک دیا کہ کیا ان کی دستخط کی نقل کی جائے گی۔ انہوں نے صحافیوں کے بعض غیر متعلق سوالات کو ٹالتے ہوئے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف متعلقہ امور کے بارے میں سوال پوچھے۔ ایک صحافی نے ان سے ابتدائی تعلیم اور اسکول کے بارے میں سوال کیا جس پر آئی پی ایس عہدیدار کسی قدر ناراض ہوگئے اور صحافی کو مشورہ دیا کہ وہ سوال کے بجائے بائیو ڈاٹا دیکھ لیں۔ شاہنواز قاسم اگرچہ کچھ دیر کیلئے وقف بورڈ میں موجود تھے لیکن کم وقت میں ہر کسی پر اپنا دبدبہ قائم کردیا۔ عہدیدار اور ملازمین بھی یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے کہ شاہنواز قاسم اب تک کے عہدیداروں میں سب سے مختلف اور سخت گیر ثابت ہوں گے۔ عہدیدار بھی ان کا سامنا کرنے سے گھبرا رہے تھے۔ وقف بورڈ کے حلقوں میں عہدیدار آپس میں یہ کہتے ہوئے سنے گئے آئی پی ایس عہدیدار کے تقرر سے بعض ارکان کیلئے بھی دشواری پیدا ہوسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT