Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی منتقلی کو بلا رکاوٹ یقینی بنانے کمشنر پولیس کا تیقن

عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی منتقلی کو بلا رکاوٹ یقینی بنانے کمشنر پولیس کا تیقن

مسلمان بھی گائے کی قربانی نہیں دیں گے : علماء ۔ شہر میں پرامن طور پر عید منانے کیلئے مکمل تعاون، خصوصی اجلاس

حیدرآباد /18 اگست ( سیاست نیوز ) عیدالاضحی کے پیش نظر کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی نے علماء اور مذہبی رہنماؤں کا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں عید کے موقع پر کی جانے والی تیاریوں سے متعلق تابدلے خیال کیا ۔ سالارجنگ میوزیم میں منعقدہ اجلاس کے دوران کمشنر پولیس نے یہ تیقن دیا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی منتقلی کو بلارکاوٹ یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی ۔ اس اجلاس کے دوران پولیس عہدیداروں اور مذہبی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عیدالاضحی کے موقع پر گائے کی قربانی نہیں دی جائے گی اور شہر میں پرامن ماحول میں عید منانے کیلئے مکمل تعاون کیا جائے گا ۔ صدر جماعت القریش و صدرنشین ریاستی وقف بورڈ الحاج محمد سلیم نے اجلاس کے دوران یہ تیقن دیا کہ شہر کے عوام جانوروں کی قربانی کے متعلق قانون کی پابندی کریں گے لیکن انہوں نے پولیس یہ مطالبہ کیا کہ بڑے جانوروں کی منتقلی میں خلل پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور آنے والی رکاوٹوں کا خاص خیال رکھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما کمشنر پولیس سائبرآباد اور کمشنر پولیس رچہ کونڈا کو جانوروں کی منتقلی میں رکاوٹیں نہ پیدا ہونے دینے کے اقدامات کریں ۔ اس موقع پر مولانا سید شاہ اولیاء حسین المعروف مرتضی پاشاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مسلمان یہاں کے قانون کا احترام کرتے ہیں اور قربانی کیلئے اس کا خاص خیال رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کمشنر پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے جانور جن کی منتقلی پر پابندی نہیں ہونے کے باوجود رکاوٹیں پیدا کئے جانے پر اپنے توجہ مرکوز کریں ۔ صدر قادریہ انٹرنیشنل مولانا سعید قادری نے بھی اپنے خطاب میں پولیس کو یہ تیقن دیا کہ عوام ہر ممکن تعاون کریںگے جبکہ پولیس بھی عید کے دوران پیدا کی جانے والی رکاوٹوں کا خاص خیال رکھے ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے خطاب میں بتایا کہ گذشتہ تین سال سے گنیش چتورتی اور عیدالاضحی مل جل کر منائے جارہے ہیں اور کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال بھی پولیس جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی مدد سے عید کو پرامن بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جس کیلئے جانوروں کے فضلے کی فی الفور نکاسی کیلئے گھر گھر خصوصی پیاکیٹس تقسیم کئے جائیں گے اور پولیس عہدیدار حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT