Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / عیدگاہوں میں نماز عید الفطر، برسات کے پیش نظر خصوصی شامیانے

عیدگاہوں میں نماز عید الفطر، برسات کے پیش نظر خصوصی شامیانے

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے عیدگاہ میرعالم، تاریخی مکہ مسجد اور عیدگاہ مادنا پیٹ میں نماز عیدالفطر کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسداللہ نے بتایا کہ عیدگاہ میرعالم میں نماز عید الفطر  9.30 بجے صبح ادا کی جائے گی جبکہ مکہ مسجد میں صبح 10 بجے نماز عید مقرر ہے۔ امام و خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی عیدگاہ میرعالم میں نماز عید کی امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ نماز سے قبل مولانا سید سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا ۔ عیدگاہ اور اس کے اطراف و اکناف دور دور تک مصلیوں کی آمد کے پیش نظر صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسد اللہ نے بتایا کہ بارش سے بچاؤ کیلئے واٹر پروف شامیانے نصب کئے گئے ۔ اس کے علاوہ برقی کی بلاوقفہ سربراہی کے لئے برقی عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ واٹر ورکس کی جانب سے وضو اور پینے کیلئے پانی کی سربراہی کا انتظام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عیدگاہ کے راستہ پر ٹرافک جام سے بچنے کیلئے غیر متعلقہ گاڑیوں کے داخلہ پر امتناع رہے گا ۔ ٹرافک پولیس نے عیدگاہ کے راستہ پر پارکنگ کو خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ نماز عیدالفطر کے موقع پر ہر سال صفیں زو کے قریب تک پہنچ جاتی ہیں تو دوسری طرف عیدگاہ کے مقابل تاڑبن کے علاقہ میں بھی مصلیوں کی صفیں دیکھی جاتی ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے بتایا کہ وقف بورڈ کے عہدیداروں کو انتظامات کی نگرانی کیلئے مامور کیا گیا ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے درکار فنڈ جاری کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ مادنا پیٹ میں بھی مصلیوں کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ عیدالفطر کے موقع پر شہر کی دیگر اہم عیدگاہوں میں نماز عید کے اوقات حسب ذیل ہیں۔ شاہی مسجد باغ عامہ 9.30 بجے عیدگاہ صنعت نگر 9 بجے عیدگاہ حضرت اجالے شاہ سعید آباد 9 بجے ، عیدگاہ ملٹری پلے گراؤنڈ ہمایوں نگر 9.30 بجے ، عیدگاہ کنٹونمنٹ 9.30 بجے عیدگاہ گنبدان قطب شاہی 9.45 بجے اور عیدگاہ عنبرپیٹ 10 بجے ۔ مسجد حج ہاوز 9-45 بجے ، عیدگاہ پانچ خانہ ملٹری ایریا سکنڈلانسر10-15 بجے ۔

TOPPOPULARRECENT