Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / عیدگاہ میر عالم میں عید الفطر کے انتظامات کا جائزہ

عیدگاہ میر عالم میں عید الفطر کے انتظامات کا جائزہ

چیرمین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کا مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔/22جون، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ عیدگاہ میر عالم کا دورہ کیا اور عیدالفطر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے مقامی عوامی نمائندوں کے علاوہ پولیس، گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن، برقی، واٹر ورکس، ہیلت اینڈ سینٹیشن کے علاوہ وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ عیدگاہ میرعالم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر ایم اے منان فاروقی نے وقف بورڈ کی جانب سے نماز عیدالفطر کے سلسلہ میں کئے جارہے انتظامات کی تفصیلات بیان کی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انتظامات کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے فرش کی درستگی اور عیدگاہ کی آہک پاشی کے کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ بارش کے پیش نظر شامیانوں کا انتظام کیا جارہا ہے اور لاؤڈ اسپیکر کی سہولت عیدگاہ کے اطراف و اکناف کے علاقوں تک رہے گی تاکہ دور تک بننے والی صفوں کے مصلیوں کو سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ عید گاہ کے باب الداخلہ پر خوبصورت کمان کی تعمیر کا کام شروع ہوچکا ہے تاہم اس کی تکمیل کیلئے کچھ وقت لگے گا۔ عید گاہ کی آہک پاشی اور مرمتی کاموں کے سلسلہ میں 4.5 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ شامیانوں اور لاؤڈ اسپیکر کیلئے 1.5 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں صحت و صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیئے۔ اس سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے عید گاہ آنے والے مصلیوں کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی اور وضو کیلئے پانی کا انتظام کرنے کیلئے واٹر ورکس کو ذمہ داری دی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے۔ صدر نشین وقف بورڈ نے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون ستیہ نارائنا اور ان کے ماتحت عہدیداروں سے خواہش کی کہ عید گاہ کے راستہ پر ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ عیدگاہ کے راستہ پر پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔ آر ٹی سی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ عید گاہ میں نماز عید صبح 10 بجے ہوگی۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطبہ عیدالفطر دیں گے اور امامت کریں گے۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ ( جامعہ نظامیہ ) اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT