Wednesday , October 17 2018
Home / شہر کی خبریں / عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی پر ناجائز قبضہ کی کوشش ناکام

عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی پر ناجائز قبضہ کی کوشش ناکام

مقامی نوجوانوں کی شدید برہمی ، غیر مجاز جمع کردہ اسکراپ نذر آتش
حیدرآباد۔ 24نومبر (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلا بیگم پیٹ کی اراضی پر غیر مجاز قابضین کی جانب سے اسکراپ جمع کرتے ہوئے قبضوں کو توسیع دینے کی کوشش پر مقامی نوجوانوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ نماز جمعہ کے بعد مقامی نوجوانوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسکراپ کو نذرآتش کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسجد کے قریبی حصہ میں اسکراپ کو رکھا گیا تھا تاکہ اس علاقے کو تحویل میں لیا جائے۔ جبکہ اس علاقہ میں نماز کے اوقات میں گاڑیوں کی پارکنگ کی جاتی ہے۔ جمعہ کی ادائیگی کے فوری بعد برہم نوجوانوں نے اسکراپ کو آگ لگادی جس سے علاقہ میں کسی قدر کشیدگی پھیل گئی۔ مقامی کمپنیوں کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فائر انجن نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ مقام پولیس نے بھی علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اوقافی اراضی پر حالیہ عرصہ میں غیر قانونی طریقہ سے جو شیڈس تعمیر کیئے گئے تھے، اس سے مقامی افراد میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ غیر مجاز قابضین نے عدالتی احکامات کی آڑ میں اپنے قبضوں کو توسیع دے دی ہے جبکہ وقف بورڈ کی جانب سے ان کی دعویداری کو مسترد کردیا گیا ہے۔ وقف بورڈ اراضی کے بارے میں تازہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ سپریم کورٹ نے بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ غیر مجاز قابضین کے دعوئوں کی سماعت کے بعد کوئی فیصلہ کرے۔ اسی دوران مقامی افراد نے بتایا کہ مسجد کے قریبی علاقہ میں اسکراپ جمع کرنے پر نوجوان ناراض تھے۔ گزشتہ کئی دن سے متعلقہ کمپنیوں سے خواہش کی جارہی تھی کہ وہ علاقہ کی صفائی کریں۔ باوجود اس کے اسکراپ موجود تھا۔ غیر مجاز قابضین اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے مسجد کمیٹی کے عہدیداروں سے شکایت کی اور کہا کہ اراضی کا معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے۔ ایسے میں سامان کو نقصان پہنچانا ٹھیک نہیں۔ مسجد کمیٹی کے ذمہ داروں نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل ہفتے کو منعقد ہونے والے بورڈ کے اجلاس میں گٹلا بیگم پیٹ کے نوٹیفکیشن کی اجرائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT