Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کے غیر مجاز قابضین کی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ

عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کے غیر مجاز قابضین کی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ

مستقل تعمیرات میں شدت ، وقف بورڈ سے نوٹس کی اجرائی و دستاویزات کی جانچ بے خاطر
حیدرآباد۔18 ستمبر (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلا بیگم پیٹ کے غیر مجاز قابضین نے اچانک اپنی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے مستقل تعمیرات میں شدت پیدا کردی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے قابضین کو نوٹس کی اجرائی اور ان کے دستاویزات کی جانچ کے باوجود غیر مجاز قابضین اپنی سرگرمیوں سے باز نہیں آرہے ہیں۔ گٹلابیگم پیٹ میں 90 ایکڑ سے زائد اراضی وقف ہے اور اس کے زیادہ تر حصے پر قبضے ہوچکے ہیں۔ مختلف بڑی کمپنیوں نے قبضہ کرلیا ہے اور اس کا معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے۔ موجودہ وقف بورڈ کی تشکیل کے بعد صدرنشین محمد سلیم نے اس اراضی کے تحفظ کے لیے مساعی کی تھی اور انہوں نے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے قابضین کو انتباہ دیا تھا کہ وہ اپنی سرگرمیوں سے باز آئیں۔ قابضین کو ان کے پاس موجود ریکارڈ میں وقف بورڈ میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر منان فاروقی کی جانب سے دستاویزات کی جانچ کا کام جاری ہے اور اس موقع سے فائدہ اٹھاکر بیگم پیٹ میں تعمیرات کو تیز کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ عرصہ میں وقف بورڈ کی جانب سے دبائو کے بعد قابضین نے تعمیرات کو روکنے کے بجائے شدت پیدا کردی ہے۔ وقف بورڈ نے حالیہ عرصہ میں بعض تعمیرات کو منہدم کردیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ 4 ہزار تا 5 ہزار مربع گز احاطہ کو گھیر کر پارکنگ شیڈ تعمیر کیے جارہے ہیں۔ اراضی کی حد بندی کے لیے آہنی سلاخوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ مقامی افراد نے قابضین کی سرگرمیوں کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض مقامی افراد کی ملی بھگت کے سبب اس طرح کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تعمیری سرگرمیوں پر وقف بورڈ کی خاموشی باعث حیرت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی افراد کی شکایت کے باوجود بورڈ نے ابھی تک اپنے عہدیداروںکو معائنے کے لیے روانہ نہیں کیا۔ بورڈ میں اس طرح کی سرگرمیوں کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی تھی لیکن ٹاسک فورس کے ارکان نے ابھی تک علاقے کا دورہ کرتے ہوئے تعمیرات کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ منان فاروقی نے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ انسپکٹر آڈیٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قابضین کے خلاف پولیس میں شکایت درج کریں۔ عدالت میں زیر دوران مقدمات کی آڑ میں غیر مجاز قابضین کی سرگرمیوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان عناصر کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ برسر اقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والے بعض اہم قائدین ان کی سرپرستی کررہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم جو دہلی کے دورے پر ہیں، انہوں نے عہدیداروں کو فوری علاقے کا دورہ کرنے اور تعمیراتی کام روکنے کی ہدایت دی ہے۔ صدرنشین کے حالیہ دورے کے بعد سے غیر مجاز قابضین کی سرگرمیوں میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT