Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / عید گاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی کے تحفظ کیلئے گزٹ جاری۔154 دعویداروں کو نوٹس

عید گاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی کے تحفظ کیلئے گزٹ جاری۔154 دعویداروں کو نوٹس

حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلا بیگم پیٹ کی اراضی کے تحفظ کے لیے وقف بورڈ نے آخرکار گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ شیرلنگم پلی منڈل کے سروے نمبرات 1تا 9 میں 90 ایکڑ 17 گنٹے اوقافی اراضی موجود ہے جس کے بیشتر حصہ پر ناجائز قبضے ہیں۔ سپریم کورٹ میں طویل مقدمہ کے بعد فیصلہ آیا جس میں وقف بورڈ کو اجازت دی گئی کہ وہ قابضین کے دعوئوں کی سماعت کرتے ہوئے ان سے اراضی کے دستاویزات طلب کریں۔ دستاویزات اور دعوئوں کی جانچ میں اگر وقف اراضی ثابت ہوتی ہے تو وقف بورڈ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرسکتا ہے۔ عدالت کے احکامات کے مطابق وقف بورڈ نے غیر مجاز قابضین کو نوٹسیں جاری کیں جس پر 154 افراد اور اداروں کی جانب سے اراضی پر دعویداری پیش کی گئی۔ انہوں نے تحریری طور پر وقف بورڈ میں اپنے اعتراضات داخل کیے اور دستاویزات بھی منسلک کیا۔ تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ نے انہیں مسترد کردیا اور گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ تمام 154 دعویداروں کو علیحدہ نوٹس جاری کرتے ہوئے دعویداری مسترد کیے جانے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ گزٹ نوٹیفکیشن کو عدالت میں چیلنج کرنے اور حکم التوا حاصل کرنے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے وقف بورڈ نے پہلے ہی کیویٹ پٹیشن دائر کردی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی میں تاخیر کا فائدہ اٹھاکر غیر مجاز قابضین نے تعمیراتی کاموں کو تیز کردیا تھا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے دو مرتبہ اراضی کا معائنہ کیا اور قابضین کو انتباہ دیا تھا کہ وہ وقف بورڈ کی ملکیت کو تسلیم کرلیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی ریونیو اور پولیس عہدیداروں کی عدم دلچسپی کے نتیجہ میں اوقافی اراضی پر تعمیرات میں اضافہ ہوا۔ اراضی پر ایک خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT