Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / ع2019عام انتخابات میں کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا عزم

ع2019عام انتخابات میں کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا عزم

کانگریس کی صدارت پر پارٹی ہائی کمان کے فیصلہ کا احترام ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر رکن اسمبلی و سابق وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ پردیش کانگریس صدارت کی دوڑ میں شامل تھے ۔ مگر پارٹی ہائی کمان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے تمام قائدین اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس کو تلنگانہ میں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اعتراف کیا کہ وہ صدارتی دوڑ میں شامل تھے لیکن پارٹی ہائی کمان نے جو فیصلہ کیا ہے ۔ وہ اس کا احترام کرتے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی ہو یا کوئی اور صدر پارٹی کے تمام قائدین متحدہ طور پر کام کریں گے ۔ اسمبلی حلقوں کو آپس میں بانٹ لیتے ہوئے ہائی کمان کی منظوری سے پدیاترا و بس یاترا کا اہتمام کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لیے محنت سے کام کریں گے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں ہے ۔ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں میں ایک وعدے کو بھی ٹی آر ایس حکومت نے پورا نہیں کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کبھی سکریٹریٹ کو ہی نہیں آتے تو انہیں عوامی مسائل کا کیسے پتہ چلتا ہے ۔ کسان 12 گھنٹے برقی کی سربراہی کو کافی قرار دے رہے ہیں لیکن حکومت زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہ کررہی ہے ۔ اس فیصلے سے زرعی شعبہ کو بجائے فائدے کے نقصان ہوتا ہے کیوں کہ 24 گھنٹے برقی موٹرس چلنے سے زیر زمین پانی کی مقدار گھٹ جاتی ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پردیش کانگریس صدارت کی دوڑ میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ڈی کے ارونا اور دوسرے قائدین شامل تھے ۔ تاہم کانگریس ہائی کمان نے دوسری میعاد کے لیے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدے پر اتم کمار ریڈی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں پارٹی کے جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے احکامات بھی جاری کئے ہیں جس کے بعد ریاست کے مختلف اضلاع سے گاندھی بھون پہونچکر کانگریس قائدین اتم کمار ریڈی کو مبارکباد پیش کررہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT