Wednesday , December 13 2017
Home / اضلاع کی خبریں / غربت کے خاتمہ کے لئے تعلیم معاون

غربت کے خاتمہ کے لئے تعلیم معاون

کریم نگر میں ماڈل اسکول کی عمارت کا افتتاح، ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کا خطاب
کریم نگر /23 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماڈل اسکولس دوسرے اسکولوں کے لئے مشعل راہ بنیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر فینانس و سیول سپلائز ایٹالہ راجندر نے کیا۔ جمعہ کو کملاپور میں تین کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ ماڈل اسکول کی عمارت و گرلز ہاسٹل کا انھوں نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، صرف رٹانے کا طریقہ ختم کیا جانا چاہئے۔ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ کھیل کود اور دیگر فن کا بھی ماہر بنانا چاہئے اور ساتھ ہی ان کی خود اعتمادی کو بڑھائیں۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ صرف روزگار کے لئے ہی تعلیم نہ حاصل کی جائے، کیونکہ اچھے شہری بننے کے لئے تعلیم معاون ثابت ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری شعبوں میں صرف 5 فیصد روزگار کے مواقع ہیں، جب کہ خانگی شعبوں میں یہ مواقع زیادہ ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت ہر طالب علم پر سالانہ 60 ہزار روپئے خرچ کر رہی ہے۔ کملاپور منڈل تعلیمی مرکز کی حیثیت سے آگے بڑھ رہا ہے، جہاں ماڈل اسکول کے علاوہ کستوربا اسکول بھی ہے، جب کہ لڑکیوں کے لئے مزید ایک اسکول اور آئی ٹی آئی قائم کیا جائے گا۔ غربت کے خاتمہ کے لئے تعلیم معاون ثابت ہوتی ہے، اس لئے حکومت تلنگانہ تعلیم کو زیادہ ترجیح دے رہی ہے، جب کہ ماڈل اسکول کی عمارت کی تعمیر کے لئے مرکز نے فنڈس دینے سے انکار کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع میں 45 ماڈل اسکولوں کو منرل واٹر کی سربراہی کے لئے ٹینکس تعمیر کئے جائیں گے۔ اس پروگرام میں انچارج ضلع مہتمم تعلیمات کے آنندم، اسکول پرنسپال اور دیگر نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT