غرقاب بحری جہاز سے لاپتہ ملاحوں کی تلاش

نئی دہلی /7 نومبر ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش میں گذشتہ روز وشاکھاپٹنم ساحل کے قریب ایک بحری جہاز کی غرقابی کے بعد اس میں سوار ایک افسر کے بشمول چار ملاحوں کی بڑے پیمانے پر تلاش کیلئے مہم جاری ہے جو حادثہ کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے ۔ اس حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کا حکم دیا ۔ ایک ملاح جیمس جیکب کل رات تارپیڈو مزاحمتی جہاز کے حادثہ میں فوت ہوگیا تھا ۔ دیگر 23 افراد کو بچالیا گیا تھا ۔ چار اہلکار ہنوز لاپتہ ہے جن میں کمانڈنگ سطح کا ایک افسر ، دو غوطہ خور اور ایک املے کا رکن شامل ہیں ۔ بحریہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹی آر بی جہاز گذشتہ شب معمول کے مطابق اپنی مشقوں میں مصروف تھا کہ حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ معمول کی مشقوں کے دوران سمندری کشتیوں کی جانب سے کئے جانے والے فرضی وار کی مزاحمت کی جارہی تھی کہ یہ جہاز حادثہ کا شکار ہوگیاتھا ۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ کے دوران بحریہ میں کئی حادثات پیش آئے ہیں اس تازہ ترین حادثہ کے تحقیقات کیلئے بورڈ آف انکوائری تشکیل دیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT