Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / غریبوں کو بلا تاخیر موثر خدمات کی فراہمی پر زور

غریبوں کو بلا تاخیر موثر خدمات کی فراہمی پر زور

تلنگانہ کے نوجوانوں روزگار کی فراہمی کیلئے اقدامات ، کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد /20 نومبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کالواکنٹلہ چندرا شیکھر راؤ نے ریاست کے غریب عوام کو بلا رکاوٹ تیز رفتار خدمات کی فراہمی کیلئے انتظامی تاخیر کے خاتمہ کی ضرورت پر زور دیا ۔ کے سی آر نے آج یہاں سکریٹریٹ میں آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ان ( تلنگانہ عوام ) کی توقعات کی تکمیل کی کوششیں جاری ہیں اور انہیں ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور ضرورت اس بات کی بھی ہے کہ عوام کو بلا کسی تاخیر بہترین خدمات مہیا کی جائے ‘‘ ۔ چیف منسٹر نے آبپاشی پراجکٹوں کی تعمیر میں تاخیر سے گریز کی ضرورت پر زور دیا اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ کنٹراکٹس کو بروقت بلز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے ایک منصوبہ تیار کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں میں آبپاشی پراجکٹوں کی تکمیل کی قدیم روایات کے برخلاف ہمیں  چاہئے کہ اندرون تین سال پراجکٹ مکمل کئے جائیں ۔ ٹی آر ایس حکومت تمام آبپاشی پراجکٹوں کی عاجلانہ تکمیل کے عہد کی پابند ہے تاکہ زرعی شعبہ کو بہتر فصلوں کیلئے بروقت پانی سربراہ کیا جاسکے ۔ کے سی آر نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ کے تمام آبپاشی پراجکٹ بروقت مکمل ہوجائیں گے انہوں نے پالامور اور ڈنڈی پراجکٹوں کے کام کو تیز رفتار بنانے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی ۔ کے سی آر نے ان پراجکٹوں کیلئے حصول اراضی کے عمل پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ کیلئے ہر سال 25000کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے اور پراجکٹوں کی تیز رفتار تکمیل کیلئے روزانہ تین شفٹوں میں کام کرنے والے کانٹرکٹرس کو بطور ترغیب ایک فیصد زائد رقم ادا کی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT