Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / غریب جی ایچ ایم سی کے امیر کارپوریٹرس کے نوابی شوق

غریب جی ایچ ایم سی کے امیر کارپوریٹرس کے نوابی شوق

ووٹ کے بھکاری عوام کی خدمت کرنے کی قسم کھانے والوں کو ایک لاکھ کا فون
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مالی قلت کا شکار گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اپنے 15 اسٹانڈنگ کمیٹی کے ارکان کو آئی فون 10 بطور نذرانہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ ماباقی کارپوریٹرس کو سیل فون دینے کے علاوہ ملک کے مختلف مقامات کو سیر و تفریح کے لیے روانہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ ایک ہفتہ قبل ہی مئیر حیدرآباد بی رام موہن چائے بسکٹ پر ماہانہ ایک لاکھ روپئے سے زائد رقم خرچ کرنے کی اطلاعات عام ہوئی تھی اب اسٹانڈنگ کمیٹی کے اجلاس اس کے تمام ارکان کو آئی فون 10 دینے کا فیصلہ کرنے کی خبر جنگل کے آگ کی طرح پھیل چکی ہے ۔ مالی بحران سے دوچار جی ایچ ایم سی کے نوابی شوق پر حیدرآباد کے عوام تعجب و حیرت کا اظہار کررہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی میں فنڈز کی قلت کا بہانہ بناتے ہوئے منظورہ کاموں کی انجام دہی میں ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی جارہی ہے ۔ تمام کارپوریٹرس فنڈز جاری نہ کرنے کی شکایت کررہے ہیں مگر اسٹانڈنگ کمیٹی کے ارکان آئی فون خریدنے کا دباؤ بنانے اور 16 فون خریدنے کے لیے 17 لاکھ روپئے بھی منظور کرانے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ تعجب اس بات کا ہے کہ اسٹانڈنگ کمیٹی کے ارکان کی تعداد 15 ہے ۔ مگر 16 فون خریدنے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے ۔ تحقیقات کرنے پر پتہ چلا ہے کہ ایک آئی فون 10 مئیر حیدرآباد کیلیے بھی خریدا جارہا ہے ۔ فروری 2016 میں اسٹانڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تب سے اس کے 15 ارکان کبھی ٹیاب ، کبھی لیاب ٹیاب فراہم کرنے کی جی ایچ ایم سی سے نمائندگی کررہے ہیں لیکن کسی نہ کسی وجہ سے اس کو ٹالا جارہا تھا تاہم دو دن قبل منعقدہ اسٹانڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں آئی فون 10 خریدنے کی منظوری دی گئی ۔ ایک فون کی قیمت 95 ہزار روپئے ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے 150 کارپوریٹر میں 120 تا 125 کارپوریٹرس دولت مند ہیں جو 15 تا 40 لاکھ روپئے کی گاڑیوں میں گھومتے پھرتے ہیں انہیں اتنا مہنگا نذرانہ پیش کرنا مضحکہ خیز ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے دوسرے کارپوریٹرس میں پائی جانے والی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے انہیں سیل فونس فراہم کرنے یا ملک کے مختلف مقامات پر سیر و تفریج کیلئے روانہ کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT