Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / غریب دیہاتی طلبہ کو ٹھیلہ بنڈی پر کتابوں کی تقسیم

غریب دیہاتی طلبہ کو ٹھیلہ بنڈی پر کتابوں کی تقسیم

حیدرآباد کے صادق علی کی انسانی خدمت کی شاندار مثال
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( ای میل ) : آج کے اس پر آشوب اور نفسا نفسی کے دور میں خدمت خلق کی مثالیں بہت کم ہی ملتی ہیں ۔ تاہم حیدرآباد کے سپوت شیخ صادق علی جو کہ بنیادی طور پر پیشہ صحافت سے وابستہ ہیں نے انسانی خدمت کی ایک مثال درج کروائی ہے ۔ صادق علی تیس سالہ صحافتی زندگی میں مختلف تلگو روزناموں سے وابستہ رہے ، طالب علمی کے زمانے میں وہ کھمم سے حیدرآباد منتقل ہوئے وہ اودیم اور آندھرا جیوتی تلگو اخبارات سے وابستہ رہتے ہوئے صادق علی نے ادبی اور علمی کتابوں کے ذخیرہ کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کی ۔ پچھلے دو سال میں انہوں نے حیدرآباد ، وجئے واڑہ میں کتابوں کے میلہ کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا اور پھر ان کے ذہن میں ٹھیلہ پر ادبی مہم کا منظر آیا اور اس ادبی ذخیرہ کو انہوں نے لوگوں تک پہنچانے کا ارادہ کرلیا ۔ صادق علی نے اس ادبی ٹھیلہ بنڈی جس کا تلگو نام تھوپوڈو بنڈی رکھا گیا تھا کو حیدرآباد سے ہٹ کر تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے دیہاتوں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے دیہاتی طلبہ کو کم دام میں کتابوں کی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تاہم یہ بھی دیہاتی غریب طلبہ کی دسترس سے باہر تھی اس پر صادق نے غریب طلبہ کو مفت کتابوں کی تقسیم عمل میں لانا شروع کی ۔ صادق نے حیدرآباد سے اپنے کتابی سفر کا آغاز کرتے ہوئے ضلع رنگاریڈی ، نلگنڈہ ، میدک سے ہوتے ہوئے ورنگل پہنچے ۔ اس دوران انہوں نے پورے سو دن کا سفر مکمل کیا ۔ اس دوران صادق علی نے سرکاری مدارس میں زیر تعلیم غریب طلبہ میں سینکڑوں کتابیں تقسیم کیں اور 300 دیہاتوں کا احاطہ کیا ۔ اس دوران مقامی افراد نے صادق اور ان کے دوستوں نکھل ، بھانوجی اور رام کا والہانہ استقبال کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT