Friday , November 17 2017
Home / شہر کی خبریں / غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم جاری رہے گی

غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم جاری رہے گی

کوئی غریب شخص محروم نہیںرہے گا، تعمیری معیار پر توجہ۔ کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/16اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات اور انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں روبہ عمل لائی جانے والی مقبول عام و انتہائی اہمیت کی حامل ’’ ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم ‘‘ غریب عوام کو پہنچنے تک جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کو صرف اس سال تک ہی روبہ عمل لاکر بعد ازاں روک دینے کی اسکیم ہرگز نہیں ہے۔ آج یہاں شہر کے ایک مقام گنڈی میسما علاقہ میں 1600 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر مکمل ہونے پر ان مکانات میں دس فیصد مکانات مقامی افراد کو ہی فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی قطب اللہ پور میں 9 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں اور اس طرح شہر حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کیلئے ٹنڈرس طلبی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور بعض علاقوں میں آئندہ تین ماہ میں گھروں میں مکینوں کے داخلہ کو یقینی بنانے کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کی گئی ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں معیار کو برقرار رکھنے میں ہرگز کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جو بھی ڈبل بیڈ روم مکانات کی کالونیاں تعمیر کی جارہی ہیں ان کالونیوں کو مثالی بنانے کا مشورہ دیا۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مزید کہا کہ ریاست میں 18 ہزار کروڑ روپیوں کے مصارف سے دو لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کروائے جائیں گے اور 1500 بستیوں کے عوام کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم ہونے پر ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیری اسکیم کو تیزی سے انجام دیا جائے گا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT