Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / غریب عوام کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس حکومت کے کئی اقدامات

غریب عوام کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس حکومت کے کئی اقدامات

دیپم اسکیم کا افتتاح، کے ٹی راماراؤ کا خطاب، وزراء کی شرکت
حیدرآباد۔/26ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ اور مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ نے آج نکلس روڈ پر دیپم اسکیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ غریب عوام کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں۔ اس تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، وزیر کمرشیل ٹیکسیس ٹی سرینواس یادو، متعلقہ رکن اسمبلی سی ایچ رامچندرا ریڈی، رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم اور دوسروں نے شرکت کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جاریہ ماہ حیدرآباد میں غریبوں کیلئے 10ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرتے ہوئے غریبوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ آئندہ چار برسوں میں تمام غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی حکومت کا منصوبہ ہے۔ مکانات کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں عوام کو درمیانی افراد کے جھانسہ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے اور تمام مستحقین کیلئے حکومت مکانات تعمیر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے مکانات کی اسکیم کے نام پر صرف 10ہزار روپئے الاٹ کئے تھے جس سے مکان کی تعمیر ممکن نہیں۔ اس طرح سابق حکومتوں نے غریب عوام سے دھوکہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت ہر مکان کی تعمیر پر 7لاکھ روپئے خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹو ڈرائیورس کیلئے 5 لاکھ روپئے کی حادثاتی  بیمہ اسکیم شروع کی گئی ہے۔ غریب خاندانوں کیلئے وظائف، شادی مبارک اور کلیان لکشمی جیسی اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کی بھلائی کیلئے خود کو وقف کرنے والی حکومت سے عوام کو مکمل تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دیپم اسکیم کے تحت 8600 افراد کو گیس کنکشن کی منظوری کے مکتوب جاری کئے جارہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں بھی یہ اسکیم جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مہیلا گروپس کو 10لاکھ روپئے تک بلا سودی قرض فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر کمرشیل ٹیکسیس سرینواس یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت غریبوں کی بھلائی کیلئے وقف ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ برقی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ اقتدار کے 18ماہ میں 24 گھنٹے برقی کی سربراہی حکومت کا کارنامہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT