Friday , February 23 2018
Home / شہر کی خبریں / غریب عوام کے ذاتی گھر کا خواب حکومت پورا کرے گی: چندرا بابو نائیڈو

غریب عوام کے ذاتی گھر کا خواب حکومت پورا کرے گی: چندرا بابو نائیڈو

حیدرآباد۔/14نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ غریب عوام کے ذاتی گھر کا خواب حکومت پورا کرے گی۔ اسمبلی میں مکانات کی تعمیر کے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وشاکھاپٹنم میں50 ہزار عوام کو پٹہ اراضیات تقسیم کی گئی ہیں۔ ریاست میں 15 تا 20 لاکھ افراد کو مکانات تعمیر کرنے کیلئے اراضی تقسیم کرتے ہوئے اس کو باقاعدہ بنایا جائے گا۔ کانگریس کے دور حکومت میں بڑے پیمانے پر مکانات تعمیر کرنے کا جو دعویٰ کیا جارہا ہے وہ بے بنیاد ہے14.40 لاکھ مکانات صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں مکانات کی تعمیر کے دوران جو بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اس کی تحقیقات حکومت کرائے گی اور بے قاعدگیوں میں ملوث رہنے والے قائدین کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ چیف منسٹر نے اسمبلی کے ذریعہ ریاست کے عوام کو بتایا کہ سال میں تین مرتبہ غریب عوام کے گھروں میں داخلے کی تقریب کا اہتمام کیا جائیگا۔ شہری علاقوں میں 5,39,586 اور دیہی علاقوں میں 13,06,555 مکانات تعمیر کرنے کا حکومت نے منصوبہ تیار کیا ہے۔ آئندہ 2019 تک ریاست میں 18,45,841 مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ 19لاکھ مکانات کی تعمیرات کے بعد ہی انتخابات کا سامنا کیا جائے گا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ غریب عوام کو مکانات تعمیر کرنے کیلئے 56 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ ہدہد سیلاب کے متاثرین کیلئے 9,170 مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ہد ہد سیلاب سے جن مکانات کو نقصان پہنچا ہے اس کی آہک پاشی کیلئے فی مکان 10 ہزار روپئے معاوضہ دیا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT