Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / غریب مسلمانوں میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری

غریب مسلمانوں میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری

شہر کی 400 سے زائد مساجد میں تقسیم کا کام مکمل ۔ اضلاع میں بھی پیاکٹس کی تقسیم
حیدرآباد۔19 جون (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے موقع پر غریب مسلمانوں میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ ملبوسات پر مبنی گفٹ پیاکٹس تمام ضلع کلکٹرس کو روانہ کئے جاچکے ہیں جبکہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 24 اسمبلی حلقوں کی 400 سے زائد مساجد میں گزشتہ دو دن سے تقسیم کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی حلقوں کے لیے حج ہائوز نامپلی سے گفٹ پیاکٹس کی اجرائی عمل میں آئی۔ اسی دوران وزیر برقی جگدیش ریڈی نے آج مریال گوڑہ، ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقوں میں مسلمانوں میں رمضان گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر حکومت اقلیتوں کی بھلائی کے لیے کئی ایک اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور وہ سماج کے دیگر طبقات کی طرح اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے خواہاں ہے۔ دوسری طرف محبوب نگر کے ناگرکرنول اسمبلی حلقے میں ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کے نارائن ریڈی نے مسلمانوں میں رمضان گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر نارائن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی بھلائی کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے گئے اس کی مثال کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے لیے گزشتہ تین برسوں میں کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے موقع پر دو لاکھ غریب مسلمانوں کو حکومت کی جانب سے ملبوسات پر مبنی گفٹ پیاکٹس کی حوالگی ایک تاریخی قدم ہے۔ چیف منسٹر عید کی خوشیوں میں غریب مسلمانوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اقلیتوں کی بھلائی کے لیے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دو برسوں میں تلنگانہ میں مسلم اقلیت دیگر طبقات کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کی بھلائی کے لیے سالانہ بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ مسلمان پوری طرح ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو مسلمانوں کی تائید حاصل ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT