Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / غریب و مستحق خاندانوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عزم

غریب و مستحق خاندانوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عزم

عثمانیہ یونیورسٹی امتحانات پر کتابچہ کی رسم اجرائی ، وزیر فینانس تلنگانہ ایٹالہ راجندر کا خطاب

عثمانیہ یونیورسٹی امتحانات پر کتابچہ کی رسم اجرائی ، وزیر فینانس تلنگانہ ایٹالہ راجندر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔جولائی (سیاست نیوز) وزیر فینانس تلنگانہ ای راجندر نے کہا کہ ان کی حکومت وعدہ کے مطابق غریب و مستحق خاندانوں کو مفت تعلیم کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے انتخابی منشور میں کے جی تا پی جی ، مفت تعلیم کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ اور اس وعدہ پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔ ای راجندر آج ٹی آر ایس کی طلباء تنظیم ٹی آر ایس وی کی جانب سے عثمانیہ یونیورسٹی کے امتحانات کے سلسلہ میں جاری کردہ کتابچہ کی رسم اجراء کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مفت تعلیم کی فراہمی کے سلسلہ میں بجٹ کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا اور اس سلسلہ میں ہر سال مناسب بجٹ الاٹ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد میں طلباء تنظیموں کا رول غیر معمولی رہا ہے اور ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ میں طلباء کے مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دے گی۔ طلباء کیلئے یونیورسٹیز میں بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی اور کورسس کی تکمیل کے بعد روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ طلباء کے مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں وہ ٹی آر ایس وی کے ساتھ ہیں اور ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کریں گے۔ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے کھمم کے 7 منڈلوں کو آندھراپردیش میں ضم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کانگریس پار ٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ راجیہ سبھا میں پولاورم بل کو شکست دیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ایک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے لوک سبھا میں بل کو منظوری دیدی جو کہ غیر جمہوری اقدام ہے۔ ای راجندر نے کہا کہ مرکزی حکومت مختلف شعبوں میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ کھمم کے 205 مواضعات کی آندھراپردیش میں منتقلی تلنگانہ کے ساتھ صریح ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے اس اقدام کے خلاف ٹی آر ایس حکومت اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

TOPPOPULARRECENT