Friday , January 19 2018
Home / اضلاع کی خبریں / غزوہ بدر، تاریخ انسانی کا حیرت انگیز واقعہ

غزوہ بدر، تاریخ انسانی کا حیرت انگیز واقعہ

محبوب نگر میں جلسہ، مولانا محسن پاشاہ اور دیگر علماء کا خطاب

محبوب نگر میں جلسہ، مولانا محسن پاشاہ اور دیگر علماء کا خطاب
محبوب نگر ۔/7جولائی، ( اسٹیٹ سماچار ) غزوہ بدر جس بے سرو سامانی کی حالت میں ہوا وہ تاریخ عالم کی حیرت انگیز لیکن مسلمہ حقیقت ہے۔ سن 2ھجری 17رمضان المبارک 13مارچ 624 کو مدینہ منورہ سے 80میل کے فاصلہ پر خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم 60مہاجرین اور 253 انصاری صحابہ کرام ؓ کے ہمراہ جن کے ساتھ 80اونٹ اور ایک گھوڑا تھا لیکر نکل گئے۔ آپؐ نے بارگاہ خداوندی میں یہ معروضہ رکھا اے رب اللعالمین روئے زمین پر تیری عبادت اور پرستش کرنے والے مٹھی بھر مسلمان ہیں اگر یہی شہید ہوجائیں تو تیرا نام لینے والے ختم ہوجائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے ملائکہ کو بھیج کر مدد فرمائی اور جنگ میں کامیابی و کامرانی ملی۔ ان خیالات کا اظہار اسد العلماء مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی جنرل سکریٹری سنی علماء مشائخ بورڈ نے آج دوپہر غالب اکیڈیمی مدینہ مسجد لائبریری محبوب نگر میں جلسہ جنگ بدر و نزول قرآن اور فتح مکہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام مدینہ پبلک لائبریری غالب ہال میں کیا گیا تھا جس کی نگرانی محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ کونسلر مجلس بلدیہ نے کی۔ ڈاکٹر سید عبدالوحید شاہ قادری، مفتی محمد عبدالقدیر قادری ، مولانا حافظ محمد مجتبی رضا مہمان خصوصی تھے۔ جناب نعیم اللہ شریف ( جدہ ) نے کہا کہ آج ساری دنیا میں مسلمانوں کا خون ناحق بہایا جارہا ہے۔ ملک شام، عراق، افغانستان، پاکستان و دیگر ممالک میں مسلمانوں کے خون سے مساجد اور ممالک سرخ ہورہے ہیں۔ 59ممالک اسلامی ہونے کے باوجود اسرائیل کا کچھ نہیں بگاڑ رہے ہیں۔ مولانا مفتی محمد عبدالقدیر قادری مصباحی نے کہا کہ انسانی تاریخ کا نادرالمثال واقعہ جنگ بدر ہے۔ اس جنگ میں آپؐ نے عورتوں، بچوں اور بوڑھوں پر حملہ نہ کرنے کی تاکید فرمائی چنانچہ ایسا ہی کیا گیا۔ اسلام و مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی مشرکین مکہ نے لاکھ کوشش کرنے کے باوجود اللہ تعالیٰ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرامؓ کو کامیابی و کامرانی عطا فرمائی۔ مولانا حافظ مجتبیٰ رضا، مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالوحید قادری نے خطاب کرتے ہوئے جنگ بدر ، فتح مکہ اور نزول قرآن کی حکمتوں اور فضیلتوں پر بیان کیا۔ داعی جلسہ جناب ہارون رشید ایڈوکیٹ سکریٹری مدینہ پبلک لائبریری نے خیرمقدمی و استقبالیہ خطاب کیا۔ جناب خالد زبیدی، سید مبشر الدین ، جناب محمد امجد صدر تعمیر ملت، مرزا ظہیر بیگ کے سانحہ ارتحال پر تعزیتی قرارداد پیش کی اور دعائے مغفرت کی گئی۔ اس موقع پر نعتیہ مشاعرہ جناب محمد حلیم بابر انجینئر صدر بزم کہکشاں کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ مسرز صادق فریدی، مجیب الرحمن کوہ سوار، اظہر حسین ہیڈ ماسٹر، نعیم کوثر، جلیل صدیقی نقشبندی، کلیم شیخ اور دوسروں نے کلام سنایا۔ عامتہ المسلمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ محمد تقی حسین تقی، مرزا قدوس بیگ اور دوسروں نے بھی شرکت کی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT