Wednesday , January 24 2018
Home / دنیا / غزہ پر اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل قرارداد

غزہ پر اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل قرارداد

جنیوا ۔ /23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج برکس ممالک کے ساتھ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی تحقیقات شروع کرنے اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل قرارداد کی تائید میں ووٹ دیا ہے ۔ اس قرارداد کی تائید کرنے والوں میں ہندوستان کے علاوہ برازیل ، روس ، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں ۔ فلسطین نے اس قرارداد کا مسودہ تیار کیا جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی یروشلم میں بین الاقوامی قانون کی برقراری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ 46 رکنی کونسل میں 29 ممالک نے قرارداد کی تائید میں ووٹ دیا جبکہ 17 ممالک غیر حاضر رہے ۔ امریکہ واحد ملک ہے جس نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا ہے ۔ یوروپی ممالک غیرحاضر رہے ۔ یہ رائے دہی ایسے وقت ہوئی جبکہ غزہ پٹی میں خونریزی مسلسل جاری ہے ۔ قبل ازیں ہندوستان نے اسرائیل اور فلسطین پر زور دیا تھا کہ وہ جنگ بندی سے اتفاق کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آئیں ۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقبل نمائندے اشوک مکرجی نے کہا کہ ہمیں اب بھی یہ توقع ہے کہ فریقین جنگ بندی کیلئے رضامند ہوں گے جس کے نتیجہ میں امن پیشرفت کا احیاء ہوسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کی اس لڑائی میں شدت پر ہندوستان کو گہری تشویش ہے ۔ اس لڑائی میں عام شہری مارے جارہے ہیں اور املاک تباہ ہورہی ہے ۔ اس دوران ہندوستان کی وزارت امور خارجہ کا ایک بیان بھی کونسل میں پڑھا گیا جس میں مذاکرات کے ذریعہ اس مسئلہ کو حل کرنے پر زور دیا گیا ۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ ہندوستان کے فلسطین کے ساتھ گہرے روابط ہیں ۔ ہندوستان کو یقین ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین کے مسئلہ کو حل کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT