غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ حادثات کا سبب

اسکول بس ڈرائیورس کے ٹریننگ پروگرام سے وزیر ٹرانسپورٹ کا خطاب

اسکول بس ڈرائیورس کے ٹریننگ پروگرام سے وزیر ٹرانسپورٹ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : وزیر ٹرانسپورٹ حکومت تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ سڑک حادثات کا تدارک و مسافرین کا تحفظ میدان جنگ میں فوجیوں کی طرح ڈرائیورس کی ذمہ داری ہوگی ۔ آج یہاں اسکول بسوں کے ڈرائیورس کے لیے منظم کردہ ایک روزہ محفوظ ڈرائیونگ ٹریفک شعور بیداری کے تحت ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سڑک حادثات انسانی غلطیاں ، غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ ، تیز رفتاری کے علاوہ شراب نوشی و سیل فون پر بات کرتے ہوئے ڈرائیونگ کرنے کی وجہ سے ہی پیش آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پیش آنے والے سڑک حادثات کے باعث جہاں ڈرائیوروں پر سے بھروسہ و اعتماد اور اطمینان ختم ہورہا ہے وہیں گاڑیوں میں سفر کرنے والے طلباء و مسافروں کی زندگیوں سے ڈرائیورس کھلواڑ کررہے ہیں ۔ انہوں نے ضلع میدک کے ماسائی پیٹ میں پیش آئے بس حادثہ واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ہر ایک کے دلوں کو دہلا دینے والا واقعہ ثابت ہوا ۔ اس طرح کے المناک حادثات کا مکمل تدارک کرنے کے مقصد سے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے انتہائی سخت و موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ہی تلنگانہ کے 10 اضلاع میں سرکاری و خانگی اداروں کے ڈرائیورس کے لیے مناسب و بہتر انداز میں ٹریننگ کیمپس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے واضح طور پر کہا کہ حادثات کے لیے ذمہ دار ڈرائیورس کے خلاف آئندہ سے نہ صرف سخت کارروائی کی جائے گی بلکہ مستقل اساس پر ان ڈرائیوروں کے لائسنس بھی منسوخ کردئیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ بہتر ڈرائیوروں اور ان کی کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان ڈرائیوروں کو متعلقہ اداروں کے انتظامیوں سے مختلف ترغیبات و ایوارڈز وغیرہ فراہم کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس ٹریننگ کیمپ میں سابق ایکزیکٹیو ڈائرکٹر اے پی ایس آر ٹی سی ایس ناگا بھوشن راؤ ، انیل ریڈی ، موٹر وہیکل انسپکٹر کے علاوہ دیگر عہدیدار اور زائد از 500 ڈرائیورس شریک تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT