Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / غلام نبی آزاد کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج امور اترپردیش مقرر

غلام نبی آزاد کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج امور اترپردیش مقرر

کمل ناتھ کو پنجاب کی ذمہ داری ، اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی میں بڑی تبدیلیاں

نئی دہلی ۔ /12 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے اترپردیش اور پنجاب میں اسمبلی انتخابات کی تیاری کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تنظیمی ردوبدل کیا جہاں سینئر قائدین غلام نبی آزاد اور کمل ناتھ کو دو ریاستوں کا جنرل سکریٹریز انچارج مقرر کیا ہے ۔ غلام نبی آزاد ریاست اترپردیش میں پارٹی امور کے انچارج ہوں گے ۔ انہیں ایسے وقت یہ ذمہ داری دی جارہی ہے جبکہ پارٹی اقلیتوں کو راغب کرنے کی کوشش کررہی ہے اور مایاوتی کی سماج وادی پارٹی کے ساتھ امکانی اتحاد کیلئے بھی کوششیں ہورہی ہیں ۔ جبکہ غلام نبی آزاد کا اس پارٹی کے ساتھ کافی بہتر تعلق رہا ہے ۔ غلام نبی آزاد جو راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ہے انہیں اس سے پہلے دو مرتبہ جنرل سکریٹری انچارج امور اترپردیش مقرر کیا گیا تھا ۔ کمل ناتھ ہریانہ اور پنجاب کے انتخابات کے نگران ہوں گے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے یہ بات بتائی ۔ مدھو سدھن مستری جو اب تک یو پی امور کے ذمہ دار تھے انہیں جنرل سکریٹری انچارج سنٹرل الیکشن کمیٹی مقرر کیا گیا ہے جبکہ شکیل احمد پنجاب اور ہریانہ کے انچارج ہوں گے ۔

صدر کانگریس سونیا گاندھی نے یہ تبدیلی ایسے وقت کی جب کہ ایک دن قبل ہی راجیہ سبھا کے انتخابی نتائج سامنے آئے جس میں اترپردیش میں پارٹی ارکان اسمبلی نے کراس ووٹنگ کی تھی ۔ اس کے علاوہ ہریانہ میں 14 ارکان اسمبلی نے دانستہ طور پر غلط نشان پر ووٹ دیئے جس کی وجہ سے کانگریس تائید کے حامل امیدوار آر کے آنند کو شکست ہوئی ۔ سابق ہریانہ چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ ہوڈا کی ایماء پر داخلی سبوتاج کے الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں ۔ اترپردیش میں گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس صرف دو نشستوں پر کامیابی حاصل کرپائی ۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی اپنی روایتی نشستوں رائے بریلی اور امیتھی سے کامیاب ہوئے تھے ۔ یو پی میں 1989 ء کے بعد منڈل ۔ مندر سیاست نے کانگریس کو پیچھے کردیا اور بی ایس پی کا عروج دیکھا گیا اور اس نے ریاست کے اہم دلت ووٹ اپنے حق میں کرلئے تھے ۔ پنجاب میں کانگریس گزشتہ 9 سال سے اپوزیشن میں ہے اور اب وہ شرومنی اکالی دل ۔ بی جے پی اتحاد کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا تہیہ کئے ہیں ۔ اس بار عام آدمی پارٹی بھی ایک اہم اقتدار کی دعویدار بن کر ابھری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT