Tuesday , August 21 2018
Home / جرائم و حادثات / غیبی طاقت کے نام دھوکہ دہی، 3 افراد بشمول جوڑا گرفتار

غیبی طاقت کے نام دھوکہ دہی، 3 افراد بشمول جوڑا گرفتار

یوسف کے خلاف بھی پولیس میں شکایت، میر چوک پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/7مارچ، ( سیاست نیوز) جادوئی طاقت کے ذریعہ اختیارات سلب کرنے اور غائب سے مال حاصل کروانے کا دعویٰ کرنے والے 3 افراد بشمول ایک جوڑے کو دھوکہ دہی کے الزام میں ساؤتھ زون پولیس نے آج گرفتارکرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یاقوت پورہ داراب جنگ گلی کے ساکن 42 سالہ رستم پٹیل متوطن ہمنا باد بیدر نے میر چوک پولیس سے مہتاب حسین عرف عادل اور اس کی بیوی سکینہ فاطمہ کے علاوہ روڈی شیٹر محمد یوسف عرف یوسف کے خلاف دھوکہ دہی اور ہتھیاروں سے دھمکانے کی شکایت درج کروائی جس پر پولیس میر چوک نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ چالیس سالہ مہتاب حسین عرف عادل ساکن گولڈن کالونی راجندر نگر اور اس کی بیوی 36 سالہ سکینہ فاطمہ نے رستم پٹیل کو یہ باور کیا کہ ان کے پاس جادوئی طاقت ہے جس کے ذریعہ انہیں اختیارات کو سلب کرنے کی طاقت فراہم کرسکتے ہیں۔ دھوکہ بازوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے آباء و اجداد کی ارواح اس سے مسلسل ربط میں ہیں اور یہ اشارہ دے رہی ہیں کہ بیدر میں واقع ایک ایک مقام پر دفینہ موجود ہے اور انہیں خوش کرنے پر وہ ان کو حاصل ہوجائے گا۔ ڈی سی پی نے پریس کانفرنس میں یہ دعویٰ کیا کہ مہتاب حسین عرف عادل نے رستم پٹیل کو انہوں نے بتایا کہ پچھلے جنم میں وہ میسور کا بادشاہ رہ چکا ہے اور کچھ عملیات کرنے سے رستم پٹیل کو غائبی طاقت کے ذریعہ ایک انگوٹھی حاصل ہوگئی جس کے ذریعہ کئی فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ دھوکہ بازوں نے رستم پٹیل کو ایک خاتون کی تصویر دکھائی جس میں ہندی تحریر تھی اور دعویٰ کیا کہ وہ خاتون پچھلے جنم میں اس کی بیوی تھی اور اس کا دوبارہ جنم ہوا ہے اور اس سے ملنے کیلئے وہ بے چین ہے۔ دھوکہ بازوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اُن کے پاس ایک جادوئی برتن موجود ہے جس کے ذریعہ کئی فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں اور بین الاقوامی مارکٹ میں کروڑہا روپئے اس کی مالیت ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ مختلف اوقات میں مہتاب حسین نے رستم پٹیل سے پانچ کروڑ روپئے حاصل کئے اور اپنی بیوی کے ساتھ وہ پُرتعیش زندگی گذاررہا تھا اور اس رقم سے اس نے شمس آباد، چنا گولکنڈہ، اور چنتل میٹ علاقوں میں کروڑہا روپئے مالیتی جائیدادیں خرید لی۔ رستم پٹیل کو جب دھوکہ دہی کا شکار ہونے کا پتہ چلا تو اس نے اپنی دی ہوئی رقم واپس دینے کا مطالبہ کیا جس پر مہتاب حسین نے اسے ایک بندوق سے دھمکایا اور حبیب نگر پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر یوسف نے بھی رستم پٹیل کو دھمکی دی۔ پولیس نے گرفتار دھوکہ باز جوڑا اور روڈی شیٹر سے جادوئی برتن، دو پاسپورٹ، ایر پستول، 13 لاکھ 50ہزار نقد رقم ، اراضیات کی دستاویزات اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔

TOPPOPULARRECENT