Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / غیرذمہ دارانہ بیٹنگ، پاکستان جیتی بازی ہار گیا

غیرذمہ دارانہ بیٹنگ، پاکستان جیتی بازی ہار گیا

ابو ظہبی ، 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی بیٹسمنوں کی اپنے ’اختیار کردہ ہوم گراؤنڈ‘ میں ناقص بیٹنگ کے سبب پاکستان نے آج جیتی ہوئی بازی گنوا دی اور سری لنکا نے رنگنا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کو پہلے ٹسٹ میں 21 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ یہاں ابو ظہبی میں سیریز کے پہلے ٹسٹ کے دوشنبہ کو پانچویں و آخری دن سری لنکا نے 69/4 سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو یاسر شاہ اور محمد عباس کی شاندار بولنگ کے سامنے سری لنکن بیٹسمین بے بس نظر آئے۔ نروشن ڈکویلا نے 40 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن اس کے سوا کوئی بھی کھلاڑی اچھی بیٹنگ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر نے 5 اور محمد عباس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 136 رنز کے نسبتاً آسان نظر آنے والے ٹارگٹ کے تعاقب میں مصباح الحق اور یونس خان سے محروم پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا اور 36 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔اس موقع پر حارث سہیل اور کپتان سرفراز احمد نے 42 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن کپتان نازک موقع پر غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے ہیراتھ کی گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔ حارث نے دوسری اننگز میں بھی 34 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن دِلروان پریرا کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیاڈ لانے کی پاداش میں انہیں آؤٹ قرار دیا گیا۔پاکستان کی پوری ٹیم 50 اوورز کے اندرون 114 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور اس تباہی کے ذمے دار مایہ ناز اسپنر رنگنا ہیراتھ رہے جنہوں نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت میچ میں گیارہ وکٹیں حاصل کئے۔

 

TOPPOPULARRECENT