Saturday , December 15 2018

غیر سماجی سرگرمیوں کے خاتمہ کیلئے عوام کا تعاون ضروری

بھینسہ میں کارڈن سرچ پروگرام، ضلع ایس پی کا خطاب
بھینسہ۔/13 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے بھٹی گلی میں صبح کی اولین ساعتوں میں محکمہ پولیس کی جانب سے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے تحت گھر گھر تلاشی لی گئی۔ اس موقع پر بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو، ٹاؤن سرکل انسپکٹر وی سرینواس، رورل سرکل انسپکٹر پراوین کمار کے علاوہ بھینسہ ڈیویژن کے تمام سرکل و سب انسپکٹران اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے متحرک ہوکر گھر گھر تلاشی لی جبکہ ضلع نرمل سپرنٹنڈنٹ پولیس ششی دھر راجو کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بھینسہ شہر کے بھٹی گلی میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران بغیر دستاویزات کے 73 موٹر سیکلیں، ایک آئیچر گاڑی اور تقریباً ساڑھے سات لاکھ مالیتی گٹکھا ضبط کیا گیا۔ اس ضمن میں مزید تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے دو آٹو اور دو ٹریکٹر کو بھی دستاویزات کی عدم موجودگی کے باعث ضبط کیا گیا۔ بعد ازاں ضلع ایس پی نے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شعور بیداری اجلاس سے مخاطب ہوکر کہا کہ محکمہ پولیس سماج میں موجود غیر سماجی سرگرمیوں کے خاتمہ کیلئے متحرک ہوکر اپنی خدمات بخوبی انجام دی جارہی ہے۔ اس لئے عوام بھی پولیس کا تعاون کریں اور اپنے اطراف و اکناف موجود اجنبی اشخاص کی اطلاع پولیس کو دیں اوراپنے مکانات میں کرایہ پر کسی بھی افراد کو رکھتے وقت اس کی مکمل تصدیق کرتے ہوئے شناختی کارڈ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے موٹر گاڑیوں کے بھی مکمل دستاویزات ساتھ رکھیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں کو اپنے اطراف فروغ پانے نہ دیں بلکہ کسی بھی غیر قانونی حرکت کی فوری پولیس کو اطلاع دیں تاکہ غیر قانونی کاروبار کرنے والے افراد کے خلاف سختی سے نمٹتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے اور عوام کو پرسکون و خوشگوار ماحول فراہم کرتے ہوئے نظم و ضبط قائم کیا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT