Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / غیر سماجی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

غیر سماجی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

مادھا پور میں مزاحمتی گاڑیوں کا افتتاح ، وزیر داخلہ کا خطاب

مادھا پور میں مزاحمتی گاڑیوں کا افتتاح ، وزیر داخلہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر داخلہ حکومت تلنگانہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے شہر حیدرآباد و تلنگانہ اضلاع میں شرپسند و غیر سماجی عناصر کے علاوہ اراضیات وغیرہ پر غیر مجاز قبضے کرنے والے افراد سے سختی سے نمٹنے اور قانونی کارروائی کرنے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایات دی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے گلوں سے چین وغیرہ اڑانے والے مجرمین کو بروقت پکڑتے ہوئے اس جرم کو مکمل طور پر ختم کرنے کے اقدامات کریں ۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد و سائبر آباد کو انتہائی پرامن و مجرمانہ سرگرمیوں سے پاک شہر میں تبدیل کرنے ، غنڈہ گردی ، دھوکہ دہی کے واقعات کا مکمل تدارک کرنے میں اپنی بہتر صلاحیتوں سے نمٹنے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔ مادھا پور میں ’سائبر آباد میں آج انٹرسیپٹر وہیکلس ‘ (انسداد جرائم کے لیے مخصوص مزاحمتی کاروں ) کا رسمی افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں امن و ضبط کی برقراری پر حکومت تلنگانہ اپنی اولین ترجیح دے رہی ہے کیوں کہ جہاں کہیں بھی امن و ضبط کا مسئلہ نہیں رہے گا اس علاقہ کی تیز رفتار ترقی ممکن ہے ۔ وزیر داخلہ مسٹر نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت ہر عام خاص شہری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے جیسے اقدامات کے لیے پولیس شعبہ کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ پولیس ضروریات کی تکمیل کے لیے رقومات کی کمی آنے نہیں دے گی ۔ علاوہ ازیں پولیس کو بھی ہفتہ میں ایک مرتبہ تعطیل دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کام کے بوجھ میں کمی کرنے کے لیے جامع منصوبہ بند اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیر داخلہ نے پولیس عہدیداروں کی کارکردگی پر اپنی مسرت کا اظہار کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT