Monday , November 20 2017
Home / جرائم و حادثات / غیر قانونی طور پر گٹکھا کی تیاری،کارخانہ پر پولیس کا دھاوا

غیر قانونی طور پر گٹکھا کی تیاری،کارخانہ پر پولیس کا دھاوا

حیدرآباد ۔ /12 جولائی (سیاست نیوز) ملاوٹ شدہ اشیاء کے خلاف پولیس ہنوز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور ایک تازہ ترین کارروائی میں پولیس چندرائن گٹہ نے غیرقانونی طور پر گٹکھا تیار کرنے والے کارخانہ پر دھاوا کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر گٹکھا برآمد کرلیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سید رشید ساکن بیگم بازار چندائن گٹہ کے الجبیل کالونی میں ایس آر پان مصالحہ برانڈ کا گٹکھا تیار کررہا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر چندرائن گٹہ پولیس کی ٹیم نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے گٹکھا کی تیاری میں ملوث 27 سالہ شیخ معز ساکن بنڈلہ گوڑہ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس کارروائی میں گٹکھا تیار کرنے والی دو مشینیں ، کیمیکل اور دیگر اشیاء بھاری مقدار میں برآمد کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرائن گٹہ پولیس نے غیرمعیاری اشیاء کے ذریعہ آچار تیار کرنے والے کارخانہ پر بھی دھاوا کیا ہے ۔ 40 سالہ ایاز حسین ساکن الجبیل کالونی غیرمعیاری اشیاء سے آچار تیار کررہا تھا اور اسے عام مارکٹ میں فروخت کررہا تھا ۔

کرنسی نوٹوں کی تبدیلی 36 لاکھ کا جھانسہ
ٹولی بے نقاب
حیدرآباد /12 جولائی ( سیاست نیوز ) صنعت نگر پولیس نے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی اور بڑی کرنسی کا چھوٹی کرنسی دینے کا جھانسہ دیکر 36 لاکھ روپئے کاسرقہ کرنے والی ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 5 جولائی کے دن صنعت نگر علاقہ میں یہ واردات پیش آئی تھی ۔ پولیس نے اس کیس کو حل کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا اور مزید 4 افراد مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق توجہ ہٹاکر لوٹی گئی رقم کو خاطیوں نے آپس میں تقسیم بھی کرلیا تھا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 16 لاکھ 20 ہزار روپئے ضبط کرلئے ہیں اس ٹولی کا اصل سرغنہ سنکارا ستیا رامنجلو مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے ناگیش کمار ، انجنیلو سرینواس راؤ ، ٹی رامیش کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ وشنو ریڈی ، سنکاراپانی سندیپ کمار مفرور بتائے گئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT