Thursday , April 26 2018
Home / شہر کی خبریں / فائرنگ واقعہ کے ملزمین کی درخواست پر سماعت مکمل

فائرنگ واقعہ کے ملزمین کی درخواست پر سماعت مکمل

27نومبرکو فیصلہ ‘ ضمانت منظور نہ کرنے پولیس کا اصرار
حیدرآباد 20 نومبر (سیاست نیوز) مائیلاردیو پلی مصطفی فائرنگ کیس کے ملزمین کی جانب سے عدالت میں داخل کی گئی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت آج مکمل ہوئی اور عدالت نے اپنے فیصلے کو 27 نومبر تک محفوظ کردیا۔ رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کورٹ میں محمد زبیرالدین و دیگر نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست داخل کی تھی، جس کی آج جج نے سماعت کی۔ وکیل دفاع نے عدالت کو یہ بتایا کہ اُن کے موکل کی جانب سے اتفاقی طور پر گولی چل گئی تھی اور اقدام قتل مقصد نہیں تھا۔ سائبرآباد پولیس نے درخواست ضمانت کی زبردست مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو یہ بتایا کہ ملزمین نے فائرنگ کرکے راہ فرار اختیار کرلی ہے اور یہ کیس حساس اور اہم نوعیت کا ہے اِس لئے ملزمین کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کو مسترد کردیا جائے۔ رنگاریڈی کورٹ نے دونوں فریقین کی بحث مکمل ہونے کے بعد اپنا فیصلہ 27 نومبر تک محفوظ کردیا۔ واضح رہے کہ 11 نومبر کو شاستری پورم علاقہ میں زبیرالدین اور اُس کے پانچ ساتھیوں نے رئیل اسٹیٹ تاجر مصطفی پر اپنی لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا اور بعدازاں اُسے بنجارہ ہلز میں واقع ورنچی ہاسپٹل منتقل کرنے کے بعد راہ فرار اختیار کرلی تھی۔ سائبرآباد پولیس کی جانب سے ملزمین کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور پولیس کو اطلاع ہے کہ زبیرالدین اور اُس کے ساتھی ایک ہی جگہ مہاراشٹرا کے کسی خفیہ مقام پر روپوش ہیں۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ سیاسی سرپرستی ہونے کے سبب ملزمین پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT