Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / فائر بندی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا

فائر بندی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا

پاکستانی فورسیس کی جانب سے ایل او سی کے پاس سیز فائر کی تازہ خلاف ورزی پر پی ایم او کے وزیر جیتندر سنگھ کا انتباہ
جموں 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی دستوں کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے جواب میں مرکزی وزیر جیتندر سنگھ نے آج کہاکہ عوام کو مودی حکومت پر بھروسہ کرنا چاہئے کہ وہ اس طرح کی حرکتوں کا ’’منہ توڑ‘‘ جواب دے گی۔ جیتندر سنگھ نے پاکستانی فورسیس کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے متعلق سوالات کے جواب میں یہاں میڈیا کو بتایا کہ متعلقہ ایجنسیز اِن حرکتوں کا نوٹ لیں گے جو پیش آئی ہیں اور آپ کو بھروسہ رکھنا چاہئے کہ مودی حکومت مناسب جواب دے گی۔ اندرون 24 گھنٹے فائر بندی کی خلاف ورزی کے دوسرے واقعہ میں پاکستانی دستوں نے آج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پاس جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں خودکار ہتھیاروں کے ذریعہ فائرنگ کی اور مورٹار شل برسائے جس پر آرمی نے جواب دیا۔ دفتر وزیراعظم (پی ایم او) سے وابستہ مملکتی وزیر جیتندر سنگھ نے کہاکہ ہندوستانی حکومت اور سکیوریٹی ایجنسیاں کسی بھی قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی اہل ہیں اور آپ آنے والے دنوں میں نتائج دیکھیں گے۔ وزیر موصوف نے اِن سوالات کا جواب نہیں دیا کہ اُری دہشت گردانہ حملہ میں سازش کے این آئی اے کے عائد کردہ الزامات کو حذف کردینے کے بعد پاک مقبوضہ کشمیر کے دو لڑکوں کو پاکستانی حکام کے حوالے کیونکر کیا گیا۔ جیتندر سنگھ نے کہاکہ ’’میں اس طرح کے حساس مسائل پر جواب دینے سے قاصر ہوں جس کے سکیوریٹی مضمرات ہیں اور متعلقہ ایجنسیز کو اِس سے نمٹنا ہوگا‘‘۔ تقریباً 6 ماہ تک زیرحراست رہنے کے بعد دونوں لڑکوں کو پاکستانی حکام کے حوالے کردیا گیا جبکہ تحقیقاتی ادارہ این آئی اے نے یہ نتیجہ اخذ کیاکہ وہ تعلیمی دباؤ کے سبب اپنے والدین کے ساتھ جھگڑ کر ہندوستانی علاقہ میں گھس آئے تھے۔ دریں اثناء پونچھ میں پاکستانی شلباری کو دیکھتے ہوئے ایل او سی کے پار سفر معطل کردیا گیا ہے۔ پونچھ میں قائم کراس بارڈر ٹریڈ فسیلیٹیشن سنٹر کو نقصان پہنچا ہے چنانچہ ایل او سی کے پار سفر کو آج معطل کردیا گیا۔ پاکستان کی شلباری کا ہندوستانی دستوں نے بھی شدت سے جواب دیا ہے۔ دفاع کے ترجمان نے کہاکہ پاکستانی دستوں نے بھاری مورٹار شلباری اور خودکار اسلحہ کی فائرنگ کچھ وقفہ گزرنے کے بعد آج صبح 6.40 بجے پھر سے شروع کردی اور ہندوستانی چوکیوں نیز ایل او سی کے قریب شہری علاقوں کو نشانہ بنایا۔ یہ اُن کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ ہوئی جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ آرمی نے پوزیشن سنبھال لی اور جیسے کو تیسا والا جواب دیتے ہوئے وقفہ وقفہ سے فائرنگ کی جو آخری اطلاعات تک جاری تھی۔ ترجمان نے مزید کہاکہ ہندوستانی سمت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT