Tuesday , April 24 2018
Home / جرائم و حادثات / فائیو اسٹار ہوٹلوں میں سرقہ کرنے والا عادی سارق گرفتار

فائیو اسٹار ہوٹلوں میں سرقہ کرنے والا عادی سارق گرفتار

حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) فائیو اسٹار ہوٹلوں میں سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے والے بین ریاستی خطرناک عادی سارق کو بنجارہ ہلز پولیس نے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور گزشتہ ہفتہ شہر کی ایک اسٹار ہوٹل میں پیش آئے سرقہ کا معمہ حل کرلیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آج کہاکہ جیش راؤجی سیج پال متوطن جام نگر (گجرات) خطرناک عادی سارق ہے اور ملک بھر میں 30 سے زائد سرقہ کی وارداتوں میں ملوث بتایا گیا ہے جس میں بالخصوص اسٹار ہوٹلس کی وارداتیں شامل ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ جیش سیج پال بین ریاستی سارق ہے جو گزشتہ 20 سال سے جرم کی دنیا میں ہے اور اُس نے اب تک 13 ریاستوں میں سرقے کرتے ہوئے اسٹار ہوٹلس کو نشانہ بنایا۔ مسٹر انجنی کمار نے مزید بتایا کہ 7 مارچ کو بنجارہ ہلز میں واقع اسٹار ہوٹل پارک حیات کے کمرہ نمبر 312 سے ایک نئے شادی شدہ جوڑے کے طلائی زیورات کا سرقہ کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس کیس کو پولیس بنجارہ ہلز نے چیلنج کے طور پر لے کر سی سی ٹی وی کے ذریعہ تحقیقات میں پیشرفت کی اور دو مشتبہ افراد کی ہوٹل میں نقل و حرکت کا پتہ لگایا۔ اُنھوں نے کہاکہ جیش سیج پال اپنے ایک ساتھی رمیش چاگ کی مدد سے یہ واردات انجام دی تھی۔ عادی سارق نے شادی شدہ جوڑے کو پارک حیات ہوٹل کے لان میں دیکھ کر اُنھیں نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا اور شاطرانہ انداز میں کمرے کے ایکسیس کارڈ کو ہوٹل انتظامیہ سے حاصل کرلیا اور بعدازاں کمرے میں داخل ہوا اور بریف کیس توڑکر طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جیش سیج پال کی تفتیش میں یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش، مغربی بنگال، اترپردیش، پنجاب، ہریانہ اور دیگر ریاستوں میں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ ممبئی میں تاج کولابا ہوٹل اور دیگر ریاستوں کے اسٹار ہوٹلس میں بھی اسی قسم کی وارداتیں انجام دی تھیں۔ مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ مسروقہ عادی سارق کو کئی مرتبہ جیل بھیجا گیا تھا اور آرتھر روڈ جیل ممبئی میں قید رکھنے کے دوران اُس نے ایک اور عادی سارق رمیش چاگ سے دوستی کی اور اُس کی مدد سے وارداتیں انجام دینے لگا۔ پولیس نے جیش سیج پال کے قبضہ سے 30 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے۔

TOPPOPULARRECENT