Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / فاروق حسین و پی اجئے کی آج ٹی آر ایس میں شمولیت

فاروق حسین و پی اجئے کی آج ٹی آر ایس میں شمولیت

تلگودیشم کے بعد اب کانگریس ارکان اسمبلی و کونسل کا نیا سفر ۔ پارٹی کو شدید دھکا
حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں ایک اور اقلیتی قائد کا اضافہ ہونے جارہا ہے۔ ایم ایل سی و سابق صدر نشین اے پی اقلیتی فینانس کارپوریشن جناب محمد فاروق حسین 25 اپریل کو ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اُن کے ہمراہ ضلع کھمم کے رکن اسمبلی پی اجئے بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ٹی آر ایس کی جانب سے پارٹی کو مستحکم کرنے کی جانے والی کوششوں کے حصہ کے طور پر تلگودیشم کے بعد اب کانگریس کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور کانگریس کے ارکان اسمبلی و کونسل کو پارٹی میں شامل ہونے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی  پی اجئے کمار اور ایم ایل سی جناب محمد فاروق حسین دونوں ہی 25 اپریل کو چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے کیمپ آفس میں ملاقات کرکے ٹی آر ایس میں شامل ہونگے ۔ ذرائع کے بموجب گزشتہ چند ماہ سے کانگریس سے فاروق حسین کی ناراضگی کے سبب اُنھوں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ جناب محمد فاروق حسین کے قریبی ذرائع کے بموجب پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے حالیہ عرصہ میں جاری کی گئی عہدیداروں کی جمبو فہرست پر بھی وہ ناراض تھے کیوں کہ فہرست میں ایسے افراد کو بھی عہدے دیئے گئے ہیں جو پارٹی قائدین کے حواریوں کی طرح رہا کرتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے حالیہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر فاروق حسین نے پارٹی قیادت اور طرز کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد فاروق حسین اور چیف منسٹر کے خوشگوار تعلقات کے سبب کئی ماہ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ کانگریس سے مستعفی ہوکر برسر اقتدار پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ لیکن متعدد مرتبہ انھوں نے یہ کہتے ہوئے اس بات سے انکار کیا تھا کہ چندرشیکھر راؤ سے اُن کی دیرینہ رفاقت کی بنیادی وجہ خاندانی روابط ہیں جس کی وجہ سے وہ ان کا احترام کرتے ہیں۔ اجئے کمار اور فاروق حسین کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے کانگریس کو زبردست دھکا پہونچنے کا امکان ہے چونکہ محمد فاروق حسین نے کانگریس میں قدآور اقلیتی قائد کی حیثیت سے شناخت بنائی تھی۔

TOPPOPULARRECENT