Tuesday , February 20 2018
Home / Top Stories / فاروق عبداللہ کا بیان غیر سنجیدہ : جتیندر سنگھ

فاروق عبداللہ کا بیان غیر سنجیدہ : جتیندر سنگھ

وہ اقتدار میں ہوتے ہیں تو کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ مانتے ہیں

نئی دہلی ۔ 11 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بیان کے ’ کشمیر کا جو حصہ پاکستان کے پاس ہے وہ پاکستان کا ہے ‘ پر ردعمل میں کہا کہ فاروق عبداللہ کی باتوں کو سنجیدگی سے لینے کی صرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ جب اقتدار میں ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو ایسی باتیں کرتے ہیں ۔ قبل ازیں صدر نیشنل کانفرنس فاروق عبداللہ نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر حقیقت پسندانہ نہیں ہے ۔ جموں و کشمیر ایک محصور علاقہ ہے اور وہ چین ، پاکستان اور ہندوستان میں نیوکلیر طاقتوں سے گھرا ہوا ہے ۔ان تمام تینوں ممالک کے پاس ایٹم بم ہیں ۔ ہمارے پاس سوائے ’ اللہ تعالیٰ ‘ کے کچھ نہیں ہے ۔ جو لوگ کشمیر کی آزادی کی بات کررہے ہیں وہ غلط ہیں ۔ سابق چیف منسٹر نے سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹرس پر پارٹی کیڈرس سے خطاب کرتے ہوئے 1947 میں جس دستاویز پر دستخط کی گئی تھی اس کا حوالہ دیا ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر اس جانب ( پاک مقبوضہ کشمیر ) کا حصہ ہمارا ہے تو ایسے میں آپ کی ( ہندوستانی جانب ) تو اس کے حصول کی بات کرنی چاہئے ۔ فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ ہندوستان نے ہمارا بھروسہ توڑا ۔ حکومت ہند نے ہمارے آئینی و جمہوری حقوق پر شب خون مارا اور اس محبت و خلوص کو نہ سمجھا جس کے تحت مہاراجہ نے ریاست کا یونین آف انڈیا کے ساتھ مشروط الحاق کیا اور یہی حالات و واقعات کشمیر کی موجودہ بحرانی کیفیت کی بنیادی وجہ ہیں ۔ آج جو یہاں مصیبت ہے وہ اس لیے ہے کہ انہوں نے کشمیری عوام کے حقوق پر شب خون مارا ہے اور امن کی فضا فراہم کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو بات چیت کرنی پڑے گی ۔ انہوں نے کشمیر کی خود مختاری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ ہمارا حق ہے ۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ پاک مقبوضہ کشمیر پاکستان سے تعلق رکھتا ہے ۔ میں انہیں سادگی سے کہتا ہوں کہ نہ صرف ہندوستانیوں سے بلکہ ساری دنیا سے یہی کہوں گا کہ پاک مقبوضہ کشمیر پاکستان کا ہے اور اس طرف کا علاقہ ہندوستان کا ہے ۔ اس کو کوئی بدل نہیں سکتا ۔ انہیں لڑنے دیجئے اور وہ جتنے چاہیں جنگ لڑیں اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT