Monday , August 20 2018
Home / سیاسیات / فرائض ادا کئے بغیر حقوق کا مطالبہ جمہوری اقدار کے خلاف، وزیراعظم نریندر مودی کا بیان

فرائض ادا کئے بغیر حقوق کا مطالبہ جمہوری اقدار کے خلاف، وزیراعظم نریندر مودی کا بیان

نئی دہلی ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ عوام کو معلوم ہونا چاہئے کہ فرائض کی اہمیت کیا ہے۔ کوئی بھی شخص اپنے فرائض ادا کئے بغیر حقوق کا مطالبہ کرتے ہوئے جمہوریت کے بنیادی اقدار کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ وہ مرکزی اطلاعات کمیشن کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھا گیا ہیکہ ایک شخص مفادات حاصلہ کیلئے عوام کے حقوق کا استحصال کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے نظام کو ایسی کوششوں کا بوجھ برداشت کرنا ہوتا ہے۔ عوام کا ان کے فرائض کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ انہیں واقف کروانا چاہئے کہ فرائض ادا کئے بغیر حقوق کا مطالبہ کرنا جمہوریت کے اقدار کی خلاف ورزی ہے۔ حقوق کا تذکرہ کرنا اور فرائض کو فراموش کردینا دستور کو بھول جانے کے مترادف ہے اور جمہوریت کی بنیادی جذبہ کے خلاف ہے۔ مودی نے کہا کہ حق اطلاعات قانون کے مقصد پر مباحث ہونے چاہئیں۔ شہریوں کو معلومات فراہم کرنی چاہئے کہ ان کے فرائض کیا ہیں اور ان کے حقوق کونسے ہیں۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہاکہ مرکزی اطلاعاتی کمیشن کثیر تعداد میں عوام سے تبادلہ خیال کرتا ہے اور ان سے درست کردار ادا کرنے کی خواہش کرتا ہے۔ ان میں ذمہ داری کا جذبہ بیدار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانی میں شفافیت ہو تو عوام کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ذمہ داریوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ ذمہ داری کا احساس پیدا ہوتا ہے چاہے کام سرکاری ہو یا حکومت کی اسکیموں میں تبدیلی پیدا ہو۔ اس کی اطلاع عوام کو دی جاتی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس تقریب میں ایک موبائیل آلہ کا بھی افتتاح کیا جس کے ذریعہ اپیل اور شکایات داخل کرنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی اور اس کی کارکردگی میں شفافیت پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حق اطلاعات کے پانچ ستون ہیں جن پر اس کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ سوال کرو، غور سے سنو، تبادلہ خیال کرو، عمل کرو اور اطلاعات فراہم کرو۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمہوری طریقہ کار میں عوام کو حکومت کے کام میں شریک کیا جاتا ہے۔ حکومت کی کارکردگی میں شفافیت پیدا کی جاتی ہے اور حکومت کو جوابدہ بنایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اطلاعاتی کمیشن اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT