Tuesday , August 14 2018
Home / Top Stories / فرانس بن گیا دوسری بار دنیائے فٹبال کا چمپئن !

فرانس بن گیا دوسری بار دنیائے فٹبال کا چمپئن !

کروشیا کو فیفا ورلڈ کپ فائنل میں 2-4 سے شکست

ماسکو ، 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فرانس نے آج فیفا ورلڈ کپ 2018ء فائنل میں کروشیا کو 4-2 سے شکست دیتے ہوئے 1998ء سے اپنا دوسرا ٹائٹل حاصل کرلیا۔ اتوار کو یہاں روس کے دارالحکومت ماسکو کے لوزنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے خطابی مقابلے میں فرانس کیلئے کیلیان ایم باپے، انٹوئن گریزمن، پال پوگبا نے گول اسکور کئے جبکہ ماریو منڈزوکچ کے ’اون گول‘ نے فرانس کو تفریح بخش مسابقت میں جیت دلائی۔ کروشیا نے دو مرتبہ گول اسکور کیا لیکن یہ انھیں کامیابی نہیں دلا پائے اور اس طرح اپنی پہلی ورلڈ کپ ٹروفی جیتنے کا اُن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوا۔ فرسٹ ہاف میں فرانس کو منڈزوکچ کے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول سے سبقت حاصل ہوگئی اور ایوان پریسچ نے کروشیا کیلئے اسکور مساوی کرنے والا گول داغا۔ گریزمن نے عمدہ گول اسکور کرتے ہوئے ہاف ٹائم پر فرانس کی سبقت (2-1) بحال کردی۔ سکنڈ ہاف میں مزید تین گول دیکھنے میں آئے لیکن فرانس نے سخت لمحات میں اپنے اوسان قابو میں رکھتے ہوئے اپنی ورلڈ کپ فتح کو یقینی بنایا اور 1998ء میں زین الدین زیڈان والی فرانسیسی ٹیم کی خطابی فتح کے 20 سال بعد دوبارہ عالمی خطاب جیت لیا۔ فرانسیسی ایم باپے برازیل کے لجنڈ پلے کے بعد کسی ورلڈ کپ فائنل میں اسکور کرنے والا دوسرا کم عمر کھلاڑی بنا ہے۔ فائنل کے پہلے ہاف کے مقابل میچ کے دوسرے ہاف میں فرانسیسی ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور 4-2 سے فتح درج کرائی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں پال پوگبا نے میچ کے 59ویں منٹ میں نہایت شاندار گول کر کے فرانس کی برتری 3-1 کر دی۔ اس کے چھ منٹ بعد ہی ایم پابے نے ایک اور گول کر کے اسکور 4-1 کر دیا۔ میچ کے 70 ویں منٹ میں مینڈزوکچ نے گول کر کے کروشیا کی امیدیں برقرار رکھیں۔ تاہم، کروشیا مزید کوئی گول کرنے میں ناکام رہا۔ پہلے ہاف میں میچ کے 18 ویں منٹ میں کروشیا کے منڈزوکچ کے ’اون گول‘ کی بدولت فرانس کو برتری حاصل ہوگئی۔ فرانسیسی کھلاڑی گریزمین کی فری کک سے گیند منڈزوکچ کے سر سے ٹکراتی ہوئی جال میں جا گری۔ یہ ورلڈ کپ کے کسی فائنل میں ہونے والا پہلا ’اون گول‘ ثابت ہوا۔ تاہم، یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور ایوان پریسچ نے 29ویں منٹ میں فری کک پر ہی ایک خوبصورت گول کر کے اسکور معاملہ 1-1 سے برابر کردیا تھا۔ کروشیا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی ہوا تھا جبکہ تیسری بار ورلڈ کپ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی فرانس کی ٹیم دوسری بار فٹبال کی عالمی فاتح بننے کیلئے میدان میں اتری تھی۔ کروشیا نے 1998ء میں آخری بار سیمی فائنل کھیلا تھا جہاں اسے فرانس کے مقابل شکست کا سامنا کرنا پرا تھا اور اب 2018ء کے ورلڈ کپ فائنل میں فرانس ہی اس کے مدمقابل آئی۔ فرانس کے منیجر دیدیئر ڈس چمپس کا بطور منیجر یہ تیسرا عالمی کپ رہا اورفرانس کی فتح کے بعد وہ بطور کھلاڑی اور بطور منیجر عالمی کپ کی ٹرافی اٹھانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT